وفاقی سطح پر متعلقہ وزارت کے سیکرٹری شکایات نظرثانی کے ذمہ دار ہوں گے،وزیر اعظم آفس

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

شہریوں کی شکایات پر وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گذشتہ سال کی حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے 2 لاکھ 38 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیدیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شکایات کو نظر ثانی کیلئے مجاز اعلی افسران کے حوالے کیا جائے۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اداروں کی ایک لاکھ 7 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا ہے۔ صوبائی سطح پر نظر ثانی کی نگرانی متعلقہ چیف سیکریٹری و آئی جی کریں گے۔ وفاقی سطح پر متعلقہ وزارت کے سیکرٹری شکایات نظرثانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ صوبائی سطح پر 80 ہزار شکایات حکومت پنجاب کے ماتحت اداروں کی ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا کے ماتحت اداروں کی 27 ہزار شکایات کو کھولا جائے گا۔وزیراعظم آفس کے مطابق صوبہ سندھ کی 15 ہزار، بلوچستان کی 3 ہزار، آزاد کشمیر میں 11 سو شکایات پر نظرثانی ہوگی۔ گلگت بلتستان میں 400 شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔ شکایات میونسپل سروسز، بجلی و گیس، مواصلات اور شعبہ تعلیم سے متعلق ہیں۔ وزیراعظم آفس نے ہدایت کی کہ شکایات پر نظرثانی کر کے متعلقہ اعلیٰ افسران رپورٹ جمع کرائیں۔