سپریم کورٹ ، اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی واپسی کیس، سیکریٹری خارجہ طلب
کیا ہماری جرات ہے کہ ہم جلد جواب مانگ سکیںہم تو بڑا کچھ قربان کرتے ہیں ،جسٹس مقبول باقر
کیا ہماری غلامی میں کچھ کمی آئے گی ؟کتنے سال ہوگئے اور ہم بچیوں کو نہیں لاسکے، ریمارکس
اسلام آباد ( ویب نیوز ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی واپسی سے متعلق کیس میں سیکرٹری وزارت خارجہ کو آج(منگل ) طلب کرلیا عدالت کا کہنا تھاکہ اس معاملے میں وزارت خارجہ کے رویہ کے باعث سیکرٹری خارجہ کو طلب کررہے ہیں ۔پیر کو جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالتی حکم پر وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کی رپورٹ جمع کروادی ، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹربرائے مشرق وسطیٰ (مڈل ایسٹ) نے بتایا کہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے بچیوں کو واپس لانے کیلئے یو اے ای متعلقہ حکام کو درخواست کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت جواب دوماہ کے اندر دیا جائے گا اس پر جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے کہ کیا ہماری جرات ہے کہ ہم جلد جواب مانگ سکیںہم تو بڑا کچھ قربان کرتے ہیں جسٹس مقبول باقر نے سوال کیا کہ کیا ہماری غلامی میں کچھ کمی آئے گی ؟کتنے سال ہوگئے اور ہم بچیوں کو نہیں لاسکے، اس پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر نے موقف اپنایاکہ عدالت جو حکم کرے گی اس پر عمل کریں گے۔ جسٹس مقبول باقر نے سوال کیا کہ اگر عدالت نے ہی حکم دینا ہے تو افسران کی کیا زمہ داری ہے؟ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل( منگل )تک کیلئے ملتوی کردی۔