عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار شہزادشوکت ایڈووکیٹ 1705ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے صدر سپریم کورٹ بار منتخب

حامد خان ایڈووکیٹ کے گروپ سے تعلق رکھنے والے امیدوار میاں عبدالقدوس 1142ووٹ حاصل کر سکے

اسلام آباد سے بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کو اکثریتی ووٹ ملے

کوئٹہ کراچی میں  حامد خان گروپ کو زیادہ ووٹ  ملے

شہبازشریف، مریم نواز، نیر حسین بخاری  کی  مبارکباد

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن آف پاکستان کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ سے تعلق رکھنے صدارتی امیدوار شہزادشوکت ایڈووکیٹ 1705ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے انتخابات جیت گئے۔ جبکہ حامد خان ایڈووکیٹ کے گروپ سے تعلق رکھنے والے امیدوار میاں عبدالقدوس 1142ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار کو  مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی  جبکہ حامد خان گروپ کے امیدوار کو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔ لاہور سے عاصمہ گروپ کے امیدوار شہزاد شوکت 611 اور حامد خان گروپ کے عبدالقدوس 465 ووٹ حاصل کئے ۔بنوں سے شہزاد شوکت 34 اور عبدالقدوس کا ایک ووٹ حاصل کئے ۔ملتان سے شوکت شہزاد 98 اور عبدالقدوس کے 81 ووٹ حاصل کئے۔ کوئٹہ سے شہزاد شوکت کے 73 اور عبدالقدوس کے 103 ووٹ حاصل کئے۔ ایبٹ آباد سے شہزاد شوکت 43 اور عبدالقدوس کے 22 ووٹ حاصل کئے۔ سکھر سے شہزاد شوکت نے 41 جبکہ عبدالقدوس نے 12 ووٹ حاصل کئے۔بہالپور سے شہزاد شوکت 60 اور عبدالقدوس نے 20 ووٹ حاصل کئے۔ڈیرہ اسماعیل خان سے شہزاد شوکت نے 22 عبدالقدوس نے 12 ووٹ حاصل کئے۔حیدر آباد سے شہزاد شوکت 56 اور عبدالقدوس نے 23 ووٹ حاصل کئے۔کراچی سے شہزاد شوکت نے 168 جبکہ عبدالقدوس نے 193 ووٹ حاصل کئے۔پشاور سے شہزاد شوکت نے 129 اور عبدالقدوس نے 100 ووٹ حاصل کئے۔ اسلام آباد سے بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے شہزاد شوکت نے 371ووٹ لیکر میدان مار لیا  جب کہ وفاقی دارالحکومت سے حامد خان گروپ کے عبدالقدوس 210 ووٹ لے سکے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے بھاری اکثریت سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر انڈیپنڈنٹ لائرز گروپ کے بیرسٹر شہزاد شوکت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید کرتا ہوں کہ وہ آئین کی سربلندی اور قانون کی حکمرانی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس شاندار کامیابی پر احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ اور انڈیپنڈنٹ گروپ کی تمام ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اورپارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار انتخابات میں احسن بھون ، شہزاد شوکت اور انکے پینل کو فتح ملی ہے ۔اپنی طرف سے اور اپنے قائد محمد نوازشریف کی طرف سے دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ اس کامیابی سے عدل و انصاف کے  ایوانوں میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور قانون کی حاکمیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اور صدر پیپلز لائرز فورم سید نیر حسین بخاری نے  کہا ہے کہ پیپلز لائرز فورم کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت ایڈوکیٹ کو فتحیابی پر  مبارکباد  دیتا ہوں۔ اپنے  پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ   شہزاد شوکت ایڈوکیٹ کو  کامیاب کرانے پر پیپلز لائرز فورم کا شکریہ ادا کرتا ہوں نیر بخاری نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی اور  جمہوریت کی مظبوطی کی تحریکوں میں  جمہوریت پسند وکلا نے ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے امید کرتے ہیں  نو منتخب عہدیداران سپریم کورٹ بار بلا تفریق بلا امتیاز انصاف فراہمی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوشاں رہیں گے۔