الخدمت فاؤنڈیشن رمضان سے قبل کابل میں یتیم بچوں کی کفاکت کیلئے آغوش الخدمت ہوم قائم کرے گی ، جلد ہی کابل میں ایک ہسپتال کا قیام بھی عمل لائے گی
افغان حکومت اور عوام الخدمت فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں کہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا ، امید ہے کہ مستقبل میں بھی امداد کا سلسلہ جاری رہے گا،افغان حکام
پشاور (ویب ڈیسک)
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے افغانستان متاثرین کے لئے 31 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کر دیا جس کی مالیت 4 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔پاک افغان بارڈر طورخم گیٹ زیرو پوائنٹ پر امدای سامان افغان حکام کو حوالے کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب رضوان، افغان مہاجرین وزارت کے سر براہ محمد علی، افغان مشرقی زون کے سربراہ میاں حفیظ الدین قمری، افغان عہدیدار غازی اللہ ہاشمی، اور دیگر شخصیات اور عہدیداران موجود تھے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ سردی اور برف باری سے افغان باشندے شدید متاثر ہوئے ہیں اور آج الخدمت فاؤنڈیشن نے غذائی اشیاء اور ونٹر پیکیجز پر مشتمل 31 ٹرکوں کا امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیا جس کی کل مالیت 4کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل الخدمت فاؤنڈیشن 72 ٹرک امدادی سامان جن میں ادویات، سلائی مشینیں، غذائی اشیاء ، گرم ملبوسات اور وینٹر پیکیجز شامل ہیں افغانستان بھیج چکی ہے۔شاکر صدیقی نے بتایا کہ اب تک الخدمت فاؤنڈیشن کل 103 ٹرک امدادی سامان جس کی کل مالیت 21 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد ہے افغانستان بھیج چکی ہے۔اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب رضوان نے میڈیا کو بتایا کہ افغانستان پاکستان کا برادر ملک ہے اور ان کی مدد کرنا ہمارا اخلاقی اور دینی فریضہ ہے۔ پاکستان کی عوام اس مشکل وقت میں افغان عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور امداد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن رمضان سے قبل کابل میں یتیم بچوں کی کفاکت کے لئے آغوش الخدمت ہوم قائم اور فنکشنل کرے گی اور جلد ہی کابل میں ایک ہسپتال کا قیام بھی عمل لائے گی۔ الخدمت فاؤنڈیشن 100 افغان بچوں کی لاہور میں دل کاآپریشن اور علاج سپانسر کرے گی۔افغان حکام نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اور عوام الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں کہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔دیگر شعبوں سمیت ان کو صحت کے شعبہ میں مزید تعاون درکار ہے تاکہ افغان عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انھوں پاکستان حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ چالیس سال تک پاکستان افغان عوام کی ہر طرح کی ممکن امداد کی اور ان کو اپنے دلوں میں جگہ دی اور ابھی تعاون کا جو سلسلہ جاری ہے وہ خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے۔