27 فروری کو عوامی مارچ ہو گا، نااہل ٹولے کو گھر بھیج کر رہیں گے: بلاول

پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کیلئے کنٹینرز کی تیاری شروع

کراچی(ویب  نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوان قیادت کا وقت آچکا۔ 27 فروری کو عوامی مارچ ہو گا، نا اہل ٹولے کو گھر بھیج کر رہیں گے۔طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ27 فروری کوعوامی مارچ کے لیے نکلیں گے، ہم پرنااہل حکمران مسلط ہیں، سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا ہے، نااہل کی وجہ سے غربت اوربے روزگاری انتہائی سطح پرپہنچ چکی ہے، موجودہ حکومت کے دورمیں خارجہ پالیسی پرسمجھوتے کیے گئے، نالائق حکومت سے نئی نسل مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، سلیکٹڈ کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی ہے، ہمارے مارچ میں طلبہ یونینزبحالی کا مطالبہ بھی ہوگا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف وڈیروں کی پارٹی کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، ان کو کون سمجھائے پیپلزپارٹی تو پی ایس ایف کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی تو پیروں کی جماعت ہے، ہم سب کے ساتھ مل کرچلتے ہیں یہ ہماری جماعت کا نظریہ ہے، پیپلزپارٹی کے خلاف کردارکشی کرنے والے اپنی اور ہم اپنی مہم چلائیں گے، کبھی صدارتی نظام، کبھی اٹھارویں ترامیم کے رول بیک کی باتیں کرتے ہیں، ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کل بھی بھٹو زندہ آج بھی بھٹوزندہ ہے، اب پاکستان میں نوجوان قیادت کا وقت آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے پھرتے ہیں نوکریاں نہیں ملتیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقتدارمیں آ کر روزگارفراہم کیا، وسائل کی کمی کے باوجود ہم نے عالمی سطح کے صحت کے ادارے بنائے، اگراللہ نے موقع دیا تو صحت کی طرح تعلیم کی سہولیات بھی مفت دیں گے، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر نیا نصاب بنائیں گے، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر ایک لمبی اننگزکھیلیں گے۔ علاوہ ازیں  پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کیلئے کنٹینرز کی تیاری شروع کردی گئی ، کارکنوں کو کنٹینرز میں آرام کرنے کیلئے بستروں کی سہولت بھی موجود ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ کیلئے کنٹینرز کی تیاری شروع کردی ، کنٹینرز میں کچن، باتھ روم اور میڈیکل ایڈکی سہولت فراہم ہوگی۔کنٹینرز وزیراعلی معاون خصوصی آصف خان کی نگرانی میں تیار ہو رہے ہیں، کارکنوں کو کنٹینرز میں آرام کرنے کیلئے بستروں کی سہولت بھی موجود ہوگی۔مارچ میں شریک کنٹینرزمیں وائی فائی ،کمپیوٹرکی سہولت فراہم کی جائے گی ، پیپلزپارٹی کے رہنما آصف خان نے کنٹینرز کی تیاری کے عمل کا معائنہ کیا۔خیال رہے پی پی ذرائع کے مطابق 27فروری دوپہر کو لانگ مارچ مزار قائد کراچی سے روانہ ہوگا، کراچی سے لانگ مارچ سکھر پہنچ کر رات کو قیام کرے گا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ سکھر میں پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ لانگ مارچ کی میزبانی کریں گے ، سکھر میں بڑے جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے ، جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق 28فروری کی رات کو لانگ مارچ کا پڑا رحیم یار خان میں ہوگا، جس کے بعد پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ یکم مارچ کو ملتان پہنچے گا، ملتان میں یوسف رضا گیلانی لانگ مارچ کی میزبانی کریں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ 2مارچ کو پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ چیچہ وطنی پہنچے گا، چیچہ وطنی میں ایک لاکھ لوگ اکٹھے کرنے کا پلان بنایا گیا ، چیچہ وطنی میں رات قیام کے بعد لانگ مارچ لاہور روانہ ہوگا۔پارٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ لانگ مارچ لاہور میں تین مارچ کو قیام کرے گا، لاہور میں رات کو ایک بڑے جلسے کا اہتمام کیا جائیگا جس کے بعد 4مارچ کو لانگ مارچ لاہورسے روانہ ہوکروزیر آباد جاکرقیام کرے گا۔ذرائع کے مطابق 5مارچ کو پی پی کا لانگ مارچ وزیر آباد سے گوجر خان پہنچے گا اور رات کے قیام کے بعد 6مارچ کو لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا۔