پی ٹی اے کا پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کوالٹی آف سروس سروے

اسلام آباد (ویب نیوز ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے 18 شہروں اور 9 موٹرویز/ہائی ویز/انٹر سٹی روڈز میں سروس کے معیار کو جانچنے کے لئے ایک آزاد کیو او ایس (کوالٹی آف سروس) سروے کیا۔ یہ سروے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے کیا گیا جو صارفین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
سروے کے دوران لائسنس میں درج آواز، نیٹ ورک کوریج، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ/ڈیٹا کے پی آئیزکو جدید ترین خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کے استعمال کے ذریعے چیک کیا گیا۔ ڈرائیو ٹیسٹ ٹیموں نے سروے کے راستوں کا انتخاب اس طرح کیا کہ اس میں سروے کے علاقوں میں اہم سڑکیں، سروس روڈز اور زیادہ تر سیکٹرز/کالونیاں شامل ہوں۔ یہ سروے متعلقہ لائسنسوں اور کوالٹی آف سروس ضوابط میں متعین کردہ معیار کے پیش نظر ہر کے پی آئیز کی تعمیل کی سطح کی بنیاد پر کیا گیا۔ جس میں سی ایم اوزکو سروے شدہ شہروں اور موٹرویز/ہائی ویز میں موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز کے حوالے سے ایک سے چوتھی پوزیشن دی گئی۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں، درجہ بندی ڈیٹا ڈاؤن لوڈ نگ کی رفتار کے مطابق کی گئی۔
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ سی ایم اوز کی جانب سے براڈ بینڈ سروسز کے حوالے سے کافی حد تک تعمیل کی گئی جبکہ کچھ علاقوں میں ایس ایم ایس اور وائس کے پی آئیزلائسنس کے مطابق نہیں تھے۔جس کے نتیجے میں آپریٹروں کو اصلاحی اقدامات کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ لائسنس کے معیارات کے مطابق سروس میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ سروے کے نتائج صارفین کی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ (https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey)
پرملاحظہ کئے جا سکتے ہیں۔سروس کے معیار کی جانچ پڑتال پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے انجام دی جا تی رہی ہے جس کامقصد آپریٹروں کو بہتر موبائل سروسز کی فراہمی اور ان کے درمیان صحت مند مقابلے کو فروغ دینا ہے۔