بھارت میں پولیس کا باحجاب خواتین پر لاٹھی چارج، ویڈیو وائرل

حجاب پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کرتی خواتین پر تشدد کا واقعہ اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں پیش آیا

غازی آباد ( ویب  نیوز) بھارت میں مسلم طالبات کی جانب سے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کا معاملہ سنگین نوعیت اختیار کرتا جا رہا ہے اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ایک نہتی مسلم لڑکی کو کالج میں ہراساں کیے جانے کے واقعے کے بعد اب بھارتی پولیس کی جانب سے باحجاب خواتین پر ڈنڈے برسانے کی ویڈیو سامنے آ ئی ہے۔بھارتی ریاست کرٹانک میں چند روز قبل باحجاب مسلم لڑکی مسکان کی ہندو انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹ جانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی اور حجاب پر پابندی کا معاملہ اب بھارت کی دیگر ریاستوں میں بھی پہنچ چکا ہے جبکہ اس حوالے سے مقدمہ بھارتی ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے حجاب پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کرتی خواتین پر تشدد کا واقعہ اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں پیش آیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار سڑک پر حجاب کے حق میں مظاہرہ کرنے والی خواتین کے پاس آتے ہیں اور بغیر کچھ بات کیے ان پر لاٹھیوں سے تشدد شروع کر دیتے ہیں۔ویڈیو میں چند ایک خواتین کو بہادری کے ساتھ بھارتی پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس موقع پر سڑک پر ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارتی پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔