اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ممبران کیلئے فری ایمبولینس سروس کا اجراء کر دیا
تاجر برادری کی فلاح و بہبود کیلئے آئی سی سی آئی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ حمزہ شفقات
چیمبر ممبران کے فائدے کیلئے پرکشش سروسز متعارف کراتا رہے گا۔ محمدشکیل منیر
ایمبولینس سروس کیلئے تعاون کرنے پر ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ خالد اقبال ملک
اسلام آباد (ویب نیوز )
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں ممبران کی فلاح و بہبود کیلئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے ایک فری ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں آئی سی سی آئی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بطور مہمان خصوصی آئی سی سی آئی کے صدر محمد شکیل منیر کے ہمراہ ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک،میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری،باصر داؤد، طاہر عباسی، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان، راجہ عبدالمجید اور سردار طاہر سمیت بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے پورے ملک میں اپنی ایک پہچان رکھتا ہے اور تاجربرادری کی فلاح وبہبود کیلئے چیمبر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کیلئے بورڈ ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس کے مسائل کو جلد حل کر لیا جائے گا اور خاص طور پر ٹریڈ لائسنس میں ڈبل ٹیکسیشن کا ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی مراکز میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کیلئے سیکیورٹی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جو سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائس کے دوران تاجر برادری نے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے تعاون سے اسلام آباد کو کئی بحرانوں سے بچایا گیا ہے۔ انہوں نے چیمبر کی طرف سے ممبران کیلئے فری ایمبولینس سروس کے اجراء کو سراہا اور کہا کہ یہ ایک صدقہ جاریہ ہے جبکہ چیمبر نے یہ سروس شروع کر کے دوسروں کیلئے ایک عمدہ مثال قائم کی ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کو فروغ دینا چیمبر کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے اس سے پہلے پی آئی سے، ہسپتالوں، لیبارٹریوں، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں سے ممبران کے کیلئے ڈسکاؤنٹ حاصل کر رکھے ہیں جن سے ممبران بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں اور ایمبولینس سروس کا اجراء بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر آئندہ بھی ممبران کے فائدے کیلئے پرکشش سروسز متعارف کرانے کی کوشش جاری رکھے گا۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر ڈپٹی کمیشنر حمزہ شفقات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بزنس کمیونٹی آئندہ بھی مشکل حالات میں انتظامہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تا کہ مل جل کر معیشت کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر ممبران کی سہولت کیلئے ہر وقت سرگرم عمل رہتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کیلئے نت نئی سروسز متعارف کراتا رہے گا۔ انہوں نے ایمبولینس سروس کیلئے تعاون کرنے پر چیمبر کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پرگلبرگ گرین ایسوسی ایشن کے صدر نجیب ملک، سیکرٹری جنرل محمد نوید ملک، چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر اظہر السلام سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سروس کیلئے ایک خطیر رقم عطیہ کی۔
چیمبر کے سابق صدور محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، میاں شوکت مسعود اور باصر داؤد سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ممبران کی سہولت کیلئے فری ایمبولینس سروس شروع کرنے پر چیمبر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا
ایمبولینس سروس ابتدائی طور پر صرف میت کو قبرستان منتقل کرنے کیلئے استعمال ہو گی۔ ایمبولینس سروس صرف اسلام آباد اور راولپنڈی شہر کیلئے ہو گی۔ ایمبولینس سروس پورا ہفتہ چوبیس گھنٹے دستیاب ہو گی اور ممبران کو مفت فراہم کی جائے گی۔ ایمبولینس سروس کے حصول کیلئے چیمبر کا ایکٹیو ممبر ہونا ضروری ہے جبکہ یہ سروس چیمبر کے ممبران، ان کے والدین اور بیوی بچوں کیلئے فراہم کی جائے گی۔