یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: شاہ محمود
پاکستان، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے
یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق سے گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تسلسل تشویشناک ہے، بھارت، عالمی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے اور یورپی یونین کو ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق نے وزارت خارجہ آمد کے موقع پر شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے گلمور کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا اور یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یورپی یونین کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داروں میں ہوتا ہے، پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ ایس ای پی میں شامل ماحولیاتی تبدیلی، سیکورٹی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سمیت ہماری حکومت کا سماجی و اقتصادی ایجنڈا، جی ایس پی پلس سکیم کے ساتھ مماثلت رکھتا ہے، پاکستان، جی ایس پی پلس سے متعلقہ 27 کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے، یورپی کمیشن کے مانیٹرنگ مشن کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جو مارچ 2022 میں متوقع ہے۔