اسلام آباد (ویب ڈیسک)
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی قانونی ٹیم الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے معاملے پراٹارنی جنرل سے ملاقات کرے گی۔الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے معاملے پر الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت طویل اجلاس ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران اور اعلی حکام شریک ہوئے۔جس میں حکومتی آرڈیننس کا جائزہ لیا گیا جبکہ قانونی ٹیم نے آرڈیننس کے مختلف قانونی پہلوں پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس میں آئینی اور قانونی پیچیدگیاں ہیں ، اس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں لیگل ٹیم جلد اٹارنی جنرل سے ملاقات کرے گی۔ اور اٹارنی جنرل سے آئینی اور قانونی پیچیدگیوں پر رہنمائی لی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل سے ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس پر اپنا لائحہ عمل طے کرے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس پر بھی دستخط کیے ہیں۔آرڈیننس کے مطابق تمام اسمبلیوں، سینیٹ اور مقامی حکومتوں کے ممبران الیکشن مہم کے دوران تقریر کر سکیں گے، کوئی بھی پبلک آفس ہولڈر اور منتخب نمائندے حلقے کا دورہ کر سکیں گے۔