پولیو ڈیوٹی کیلئے جانیوالی پولیس موبائل پر بم سے حملہ،4 اہلکار زخمی
کلاچی کے علاقہ مڈی روڈ گرہ ابراہیم پل کے قریب سڑک کنارے نصب بم کوریمورٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا
گاڑی کو بھی شدیدنقصان پہنچا، زخمی پولیس اہلکار ہسپتال منتقل ، علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن، مقدمہ درج
ڈیر ہ اسماعیل خان (ویب ڈیسک)
پولیو سیکورٹی ڈیوٹی کیلئے بی ایچ یو مڈی جانیوالی پولیس موبائل پر تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی روڈ گرہ ابراہیم پل کے قریب سڑک کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے حملہ،4پولیس اہلکار زخمی، گاڑی کو بھی شدیدنقصان پہنچا، زخمی پولیس اہلکار ہسپتال منتقل، ڈی پی او ڈیرہ کی قیادت میں پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی، علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن۔ تفصیلات کے مطابق پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کے لحاظ سے ڈیرہ اسماعیل خان کی حساس ترین تحصیل کلاچی میں پولیو مہم کے دوسرے روز صبح سویرے کلاچی پولیس کی موبائل گاڑی پر مڈی روڈ گرہ ابراہیم پل کے قریب ریمورٹ کنٹرول بم سے اسوقت حملہ کیا گیا جب پولیس اہلکار پولیو سیکورٹی ڈیوٹی کیلئے بی ایچ یو مڈی جارہے تھے۔ دھماکے میں پولیس موبائل وین کو شدید نقصان پہنچا جبکہ گاڑی میں موجودڈرائیور سمیت4پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس موبائل پر بم حملے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقع کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر گئے اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دیسی ساختہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سڑک کنارے زمین میں نصب کی گئی تھی جو پولیس موبائل کے موقع پر پہنچتے ہی دھماکے سے پھٹ گئی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر ملوث ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیئے ہیں جبکہ سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشتگردی، بارودی مواد، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ادھر ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت نے جائے حادثہ کے دورہ کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کیلئے ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، انہوں نے پولیس اہلکاروں کو موجودہ صورتحال میں مزید چوکس رہنے کی ہدایت کی جبکہ ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہمی کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اصغر علی شاہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری متعلقہ علاقے میں پہنچ گئی اور پولیو ٹیموں کی سیکوررٹی کیلئے پولیس کو مزید الرٹ رہنے اور مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے سیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کردیا گیا۔