میانوالی، کنڈل پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2دہشت گرد ہلاک

10 سے12دہشتگردوں نے چوکی پر حملہ کیا ، چھت پرتعینات اہلکار کی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے

حملے میں شہید ہونیوالے ہیڈکانسٹیبل کی شناخت ہارون خان کے نام سے ہوئی

حملے سے متعلق ہمارے پاس اطلاعات تھیں، حالیہ دہشتگردی کی لہر میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے،آئی جی پنجاب

میانوالی (ویب  نیوز)

میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔آئی جی پنجاب عثمان انور کے مطابق10 سے12دہشتگردوں نے کنڈل کے مقام پر پولیس چوکی پر حملہ کیا ، چھت پر تعینات اہلکار کی جوابی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔آئی جی پولیس  نے کہا کہ پولیس چوکی پر دو اطراف سے حملہ کیا گیا تھا، پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کنڈل پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔عثمان انور کے مطابق حملے میں ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان بھی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایس ایم ڈی لائٹس کے ساتھ سی ٹی ڈی کی ٹیمیں پہنچ گئیں، دہشتگردوں کا پیچھا کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے سے متعلق ہمارے پاس اطلاعات تھیں، ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے محرکات کو سب جانتے ہیں، اگلے دو سے چار گھنٹوں میں دہشت گردوں کی شناخت ہو جائے گی۔