پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام،9دہشتگرد ہلاک

پہلے سے گرائونڈ کئے گئے 3 طیاروں اور فیول بائوزر کو نقصان پہنچا، کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا گیا

مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں،آئی ایس پی آر

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ،صدرمملکت

عارف علوی کی گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت،میانوالی ایئر بیس پرحملہ ناکام بنانے پر اظہار اطمینان

دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں

 ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا

را ولپنڈی( ویب  نیوز)

پاک فوج نے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشتگردوں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر علی الصبح حملے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، پہلے سے گرائونڈ کئے گئے 3 طیاروں اور فیول بائوزر کو نقصان پہنچا ،حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کے لئے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

اسلام آبا ..صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔اس کے علاوہ صدر پاکستان نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ائیر چیف مارشل ظہیر  بابرکا میانوالی ایئر بیس کا دورہ

دراندازی کی بہیمانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین

چیف آف دی ائیر سٹاف کی وطن پر جان نچھاور کرنے کے غیر متزلزل عزم کی تعریف

اسلام آباد ….سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جانب سے ناکام بنائے گئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا۔دورے کے دوران، ایئر چیف نے دشمنان وطن کو جہنم واصل کرکے دراندازی کی اس بہیمانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری  کو سراہا۔اس موقع پر چیف آف دی ائیر سٹاف نے بیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے  وطن پر جان نچھاور کرنے کے انکے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے دہشتگرد تنظیموں و انتہا پسند عناصر  کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔انہوں نے بیس اہلکاروں کی حوصلے آفزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے لیئے  بروقت مدد فراہم کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا "موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکسی اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے، ہم  قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ "سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کے لیئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ  کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں۔ یہ دورہ پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور لگن کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔