غزہ پر اسرائیلی جارحیت  کا  28  واںدن، شہدا کی تعداد9 ہزار  ٤٨٨ ہوگئی،3 ہزار 826 بچے شامل

حماس کا اسرائیلی فوج پر حملہ، 6 ٹینکوں سمیت 9 فوجی گاڑیاں تباہ، افسر سمیت 19 ہلاکتیں

تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے اب تک 1200 بچے دبے ہیں

غزہ( ویب  نیوز)

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے  29ویں دن  شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 488 ہوگئی۔غزہ وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 3 ہزار 900 بچے اور سیکڑوں خواتین شامل ہیں۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید صحافیوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج 7 اکتوبر سے مسلسل غزہ کو نشانے پر رکھے ہوئے ہے۔اس دوران اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں، عمارتوں، اسکولوں اور پناہ کیمپس پر بھی بم باری کی جارہی ہے۔فلسطینی فوٹو جرنلسٹ، معتز عزیزہ، نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ، اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر میں القدس اسپتال کے سامنے ایک عمارت پر بمباری کی۔ایک تصویر میں ایک تباہ شدہ عمارت سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ایک فلسطینی صحافی محمد سمری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ غزہ میں کوئی یونیورسٹی باقی نہیں بچی ہے۔انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں دور سے ایک عمارت سے دھواں اور شعلے اٹھتے دیکھے گئے، جس کے بارے میں ویڈیو میں کہا گیا کہ یہ غزہ میں واقع جامعہ الازہر ہے۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے  28 دن مکمل ہوگئے ہیں ۔اسرائیل نے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے، 23 لاکھ افراد کو پانی، کھانے اور ایندھن کی فراہمی معطل جبکہ مواصلاتی نظام منقطع ہے۔الجزیرہ کے مطابق 7 اکتوبر کو شروع ہونے والے اسرائیل کے حملوں میں  شہید  ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 370 ہوگئی ہے۔فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ جاں بحق افراد میں 3 ہزار 826 بچے اور 2 ہزار 405 خواتین شامل ہیں۔ 20 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ پٹی کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے اب تک 1200 بچے دبے ہوئے ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرا نے کہا کہ 7 اکتوبر سے اب تک طبی عملے کے 136 اراکین جاں بحق، 25 ایمبولینسز اور 126 ہسپتال تباہ، اور 50 طبی مراکز بھی نشانہ بنے۔ فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ  جمعے کو اسرائیلی فوج نے جمعے کو مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو قتل کر دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 17 سے 26 سال کی عمر کے تین فلسطینی شمالی شہر جنین میں مارے گئے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ان میں سے دو افراد شہر کے پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر ڈرون حملے میں جان سے گئے۔

حماس کا اسرائیلی فوج پر حملہ، 6 ٹینکوں سمیت 9 فوجی گاڑیاں تباہ، افسر سمیت 19 ہلاکتیں

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیلی فوج پر بڑا حملہ کرتے ہوئے 6 ٹینکوں سمیت 9 فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کے تازہ ترین حملے میں اسرائیلی افسر سمیت  19 ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کی بٹالین کے ہیڈکوارٹر پر بھی دھاوا اور شیبا فارمز کے علاقے میں بٹالین پر ڈرون حملے سے جانی نقصان کا دعوی کیا ہے۔گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان سے  اسرائیلی علاقے کریات شمونہ میں 12 راکٹ فائر کیے جس کی وجہ سے ہرطرف آگ ہی آگ لگ گئی۔ اس کے علاوہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی 19 فوجی چوکیوں پر حملے کیے  گئے ۔لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ طوفان الاقصی آپریشن کے دوسرے روز سے اسرائیل کیخلاف جنگ میں شریک ہے، ہمارے حملے محدود لیکن موثر ہیں، اگر اسرائیل نے حزب اللہ پر جنگ مسلط کرنے کی حماقت کی تواس کوبھیانک خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔