بلوچستان،شیرانی میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک

کوئٹہ میں سول لائن پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ،یک اہلکارزخمی ہوا

دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،وزیرِ اعلی بلوچستان

شیرانی(ویب  نیوز)

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے 4 اہلکار شہید ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور مارا گیا۔پولیس کی جانب سے حملہ آور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ میں سول لائن پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ ہوا ہے۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دانہ سر کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں۔

سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی، ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈرگرفتار

 سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر گرفتار کرلیا ۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کی گرفتاری ملتان سے عمل میں لائی گئی ہے ، گرفتاردہشت گرد کے قبضے سے بارودی مواد ، فیوز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی سے ہے اور اس کی شناحت کمال کے نام سے ہوئی ہے ، دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔حکام کے مطابق رواں ہفتے479 کومبنگ آپریشنز کے دوران 25 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں ، کومبنگ آپریشنز میں 17398 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔حکام نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔