رحمان ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

صدر مملکت ، وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنمائوں کا اظہارافسوس

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ،سابق وفاقی وزیر داخلہ، سینیٹر رحمن ملک کورونا وائرس کے باعث  70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے،مرحوم کی وفات پر صدر مملکت ، وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنمائوں نے تعزیت کا ظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ و سینیٹر رحمان ملک کا 70 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا، رحمان ملک اسلام آباد کے نجی ہسپتا ل میں کورونا کے باعث وینٹی لیٹر پر تھے اور صحتیاب نہ ہوسکے، انہیں پھیپھڑوں کا عارضہ بھی لاحق تھا۔مرحوم رحمان ملک نے سوگواران میں بیوہ اور 2 بیٹے چھوڑے ، وہ 1951 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے ایم ایس سی شماریات کی ڈگری حاصل کی اور انہیں کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی۔رحمان ملک پیپلز پارٹی کی طرف سے 2018 سے سینیٹ کے رکن تھے، وہ 2008 سے 2013 تک پاکستان کے وزیر داخلہ رہے، سیاست میں آنے والے قبل وہ ایف آئی اے   میں ڈائریکٹر رہے۔ سینیٹر رحمان ملک کو ان کے بہترین کارکردگی کے بنیاد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔سینیٹر رحمان ملک کا شمار محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے با اعتماد اور وفادار ساتھیوں میں ہوتاتھا۔ اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی رحمان ملک کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ،وزیرِ اعظم کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ میں لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کرے۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپنے تعزیتی بیان میں رحمان ملک کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انتقال کی خبرسن کردکھ ہوا، خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی مرحوم کوجنت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اللہ رحمان ملک پر غریق رحمت کرے، حدیبیہ کیس میں ان کی سربراہی میں تفتیش ہوئی، اس کیس پر انصاف ابھی تک نہیں ہوا، تفتیش نے کرپشن کے ایسے ماڈرن طریقے ظاہر کئے کہ لوگ حیران رہ گئے۔وزیر بلدیات سندھ ناصرشاہ نے کہا کہ سینیٹر رحمان ملک کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا، رحمان ملک ہمارے دوست، بھائی، ساتھی اورایک بہترین رہنما تھے، پروردگار ان کے درجات بلند کرے اور خاندان کے افراد کو صبرعطا کرے۔پیپلز پارٹی کی قیادت اور ملک کی اہم شخصیات نے سینیٹر رحمان ملک کے اہل خانہ کو فون کرکے ان سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے رحمان ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمان ملک کے انتقال سے دلی رنج ہوا۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور، پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان اور دیگر نے سینٹر رحمان ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔۔