سندھ کے لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں،شاہ محمود قریشی
گھوٹکی / کراچی (ویب ڈیسک)
وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سندھ کے لوگ تبدیلی کے سفر پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔سندھ حقوق مارچ کے آغاز پر سندھ پنجاب سرحد کموں شہید میں خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ کے عوام15 سال سے پس رہے ہیں، سندھ کے عوام کہہ رہے ہیں کہ ہمارے حقوق کا حساب دو۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں نے غریب عوام کا استحصال کیاہے، یہ لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں اور بلاول زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کے حقوق کا حساب دو۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ سندھ میں تحریک انصاف کو موقع ملے، قافلہ 6 مارچ کوعمران خان کا پیغام لیکر کراچی پہنچے گا۔یہی وجہ ہے کہ سندھ کے باسی وزیراعظم عمران خان کے استقبال کیلئے تیار ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سندھ حقوق مارچ کا آغاز ہوگیا ہے ، مارچ کو خوش آمدید کہنے کے لئے شہر بھر میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں، کارکنان میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے اور کارکنان پارٹی ترانوں پر والہانہ رقص کررہے ہیںسندھ حقوق مارچ کا آغاز سندھ پنجاب سرحد کموں شہید سے ہوا، وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے مارچ کا آغاز کیا۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اوباڑو میں پی ٹی آئی رہنما عبدالرحمان چاچڑ کے انتقال پر تعزیت کی۔وفاقی وزیر علی زیدی اور سینئر رہنما مبین جتوئی انصاف ہاوس سکھر سے ریلی میں شریک ہونگے۔مارچ کے شرکا کا پہلا پڑاو سکھر انصاف ہاوس ہوگا، جہاں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، جلسے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی قیادت خطاب کرے گی، جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔
غلامی کی زنجیریں توڑو اور اپنے مستقبل کے لیے بڑھو : شاہ محمود قریشی کا سندھ کو پیغام
سندھ کے عوام 15 سال سے ایک حکومت اور کرپشن تلے دبے ہوئے ہیں،وزیر خارجہ کا ویڈیو بیان
وفاقی وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سندھ کے عوام کو کہا ہے کہ وقت آگیا، خود داری کا مظاہرہ کریں، غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کی عوامی رابطہ مہم کے لیے گھوٹکی کے لیے روانہ ہورہا ہوں۔ سندھ کے عوام سے درخواست ہے کہ سوچنے کا وقت آگیا ہے، سندھ کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام 15 سال سے ایک حکومت اور کرپشن تلے دبے ہوئے ہیں۔ امید ہے سندھ کا پسا ہوا طبقہ کرپشن اور ناقص حکمرانی کے خلاف سر اٹھائے گا۔ عوام خود داری کا مظاہرہ کرینگے اور باہر نکلیں گے۔انہوںنے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ غلامی کی زنجیریں توڑو اور اپنے مستقبل کے لیے بڑھو۔ بلاول بھٹو کو پنجاب آنے کا حق پہنچتا ہے، وہ آئیں اپنی عوامی رابطہ مہم چلائیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت ہمارے قافلے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی، اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی پنجاب کے کارکن نوٹ کررہے ہوں گے۔ جمہوری روایات کو سامنے رکھتے ہوئے آپ اپنا موقف پیش کریں۔ ہمیں بھی اپنا موقف پیش کرنے دیں۔
پی ٹی آئی کے 2014 کے آزادی دھرنے میں استعمال ہونے والا کنٹینر گھوٹکی پہنچا دیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمرنے کہا ہے کہ گھوٹکی سے ہفتہ کو سندھ کے حقوق کے لئے تحریک انصاف کے مارچ کی ابتدا ہو رہی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے پی ٹی آئی کے 2014 کے آزادی دھرنے میں استعمال ہونے والا کنٹینر بھی گھوٹکی پہنچا دیا گیا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما علی زیدی نے مارچ کے روٹ کے حوالے سے بتایا کہ سندھ حکومت کے خلاف 27 فروری کو گھوٹکی سے مارچ شروع کیا جائے گا، جو سکھر روانہ ہوگا، 27 فروری کو ہم شکارپور، کشمور اور جیکب آباد پہنچیں گے، 28 فروری کو قمبر شہداد کوٹ اور لاڑکانہ جائیں گے۔پی ٹی آئی کے اعلان کردہ روٹ کے مطابق یکم مارچ کو پی ٹی آئی کا مارچ خیرپور، نوشہروفیروز اور نواب شاہ میں پڑا ڈالے گا، جس کے بعد مارچ کی اگلی منزل 2 مارچ کو سانگھڑ اور میرپورخاص ہوگی۔اس موقع پر پی ٹی آئی قیادت مختلف مقامات پر عوام سے خطاب بھی کرے گی۔سندھ حقوق مارچ 3 مارچ کو عمر کوٹ، تھر پارکر اور بدین پہنچے گا۔ اور وہاں رات قیام کے بعد 4 مارچ کو ٹنڈو محمد جام ، ٹنڈو الہ یار اور مٹیاری جائے گا۔مارچ یہاں سے اپنی اگلی منزل حیدرآباد 5 مارچ کو پہنچے گا۔6مارچ کو پی ٹی آئی کا مارچ اختتامی مراحلے میں داخل ہوتے ہوئے جامشورو اور وہاں سے واپس کراچی آئے گا۔قبل ازیں مارچ سے متعلق پی ٹی آئی کی سندھ قیادت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ ایک مافیا کے رکن ہیں، جس کے گاڈ فادر آصف زرداری ہیں، ان سے نالے صاف نہیں ہوئے، کچرا ان سے اٹھایا نہیں جاتا یہ صرف باتیں کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی آئین کا سبق سکھاتی ہے مگر سندھ میں کسی کمیٹی میں اپوزیشن کو شامل نہیں کیا گیا، یہ حکومتوں میں رہنے کے باوجود بھی بی بی کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکے، یہ بی بی کی برسی پر ناچ گانا کرتے ہیں، جمہوریت سے پہلے انسانیت سیکھ لیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ یہ کے سی آر نہیں ٹھیک کرسکے، کے فور کا منصوبہ وفاق بنا رہا ہے، یہ کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہیں دے سکتے، کرونا کی ویکسین کیا دیں گے۔