نیویارک (ویب ڈیسک)
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2008 کے بعد بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں۔ٹریڈنگ کے دوران برینٹ کروڈ تیل کی قیمت 130ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 124 ڈالر کی سطح پر موجود ہے۔ گذشتہ ہفتے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قلت کی خبروں کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت میں 20فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ان اطلاعات کے بعد ہوا کہ امریکا روس پرتیل کی درآمدات پرپابندی عائد کرنے پرغورکررہا ہے۔یوکرین پر روس کے حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا غیرمعمولی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رحجان دیکھا گیا۔جاپان اورہانگ کانگ کی اسٹاک مارکیٹس میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔