خواتین کے عالمی دن پر پاکستان کا دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین
بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی مظلوم خواتین کے ساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کیا گیا
پاکستان قومی اور عالمی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے پختہ عزم پر کاربند ہے
خواتین کو بااختیاربنانے تک کوئی معاشرہ یا قوم پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتی
کورونا کی حالیہ عالمی وبا سے بحالی سیاسی نظاموں، محنت کشوں، معیشتوں اور معاشروں کی اجتماعیت پیدا کرنے سے ہی ممکن ہے ،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان نے خواتین کے عالمی دن پر دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ، غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی مظلوم خواتین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان خواتین کے عالمی دن سال 2022 پر دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جن کے جذبے، قربانیوں اور کوششوں سے بنی نوع انسانیت کی ترقی کا عمل ممکن ہوا اور سب کے لئے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر ہوئی۔ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیاربنانے تک کوئی معاشرہ یا قوم پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتی ۔ کورونا کی حالیہ عالمی وبا سے بحالی سیاسی نظاموں، محنت کشوں، معیشتوں اور معاشروں کی اجتماعیت پیدا کرنے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قومی اور عالمی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے پختہ عزم پر کاربند ہے۔ پاکستان کی بنیادیں مردوخواتین کی یکساں کاوشوں اور کوششوں پر استوار ہیں۔ ہمارا دستور اور قانونی ڈھانچہ سماجی، معاشی اور سیاسی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی یکساں شرکت اور مواقع فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ تمام ضابطوں بشمول بیجنگ اعلامیہ اور پلیٹ فارم آف ایکشن، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) بالخصوص ہدف نمبر پانچ اور اس سے متعلقہ دیگر اہداف کی روشنی میں خواتین کے خلاف ہر طرح کے امتیازات کے خاتمے کے لئے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ مختلف پالیسی اقدامات اور قانون سازی کے ذریعے ہم خواتین کو بااختیار بنانے اور اجتماعیت کے حامل معاشرے کی تشکیل کی خاطر ان کی یکساں شرکت کے لئے اپنی مقدور بھر کوششیں کررہے ہیں۔پاکستانی خواتین نے قومی ترقی اور خوش حالی میں انتھک حصہ ڈالا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ آج پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں کردار ادا کررہی ہیں۔ وزیراعظم، گورنر سٹیٹ بینک، سپیکر قومی اسمبلی، سپریم کورٹ کی جج، چیف جسٹس ہائی کورٹ، کابینہ کے اہم عہدوں سمیت وفاقی وصوبائی سیکریٹریز، فائیٹر پائلٹ اور اقوام متحدہ کے امن دستوں کا حصہ ہونے کے علاوہ مختلف ممتاز مناصب پر متمکن ہوئی ہیں۔ہم پاکستانی خواتین سفارت کاروں کو ان کی مثالی خدمات پر شاندار الفاظ میں خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے محنت شاقہ اور دلجمعی سے خارجہ پالیسی اہداف کے حصول کے لئے کردار ادا کیا اور دنیا بھر میں بڑی قابلیت سے پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔اس دن کو مناتے ہوئے ہم غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی مظلوم خواتین کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے زائد عرصے سے قابض بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کررہی ہیں۔ ان جرائم میں جنسی تشدد، آبروریزی اور دست درازی بھی شامل ہے۔ انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق یہ شواہد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے ہائی کمشنر کے دفتر کے علاوہ اقوام متحدہ کے زیرانتظام دیگر مختلف اداروں نے دستاویزی شکل میں مرتب کئے ہیں۔ عالمی برادری ان سنگین جرائم پر بھارت کو جوابدہ بنائے۔آج کے دن ہم بلاامتیاز تمام خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کا فروغ جاری رکھنے کے اپنے پختہ عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔