اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان کے سب سے بڑے مواصلاتی ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G) نے اپنے اسلام آباد ہیڈکوارٹرز میں خواتین کا عالمی دن منایا۔ اس موقع پر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی سابق کمشنر سعدیہ خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ معروف اردنی حیاتیاتی ماہر ڈاکٹر رانا نے پروگرام میں آن لائن شرکت کی۔

اس سال خواتین کے عالمی دن کاموضوع ‘صنفی مساوات کے لیے ڈیجیٹل جدت اور ٹیکنالوجی’ ہے، جو خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے فروغ میں ٹیکنالوجی کے کردار پر زور دیتا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کو احساس ہے کہ خواتین کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں لانے سے زیادہ تخلیقی حل سامنے آتے ہیں، اس شعبے میں جدت کے زیادہ امکانات نکلتے ہیں جن سے خواتین کی ضروریات پوری ہوتی ہیں اور صنفی مساوات کو فروغ ملتا ہے۔ اس لئے گروپ تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھا کر خواتین کے لئے مواقع پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور انہیں کام کے لئے ایسا جامع ماحول فراہم کرنے میں کوشاں ہے جہاں خواتین ترقی کرکے آگے بڑھ سکیں۔

اس تقریب میں پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف نے کہا،” ہم خواتین کا عالمی دن منا کر دنیا کے شانہ بشانہ چل رہے ہیں، ہم اپنے ادارے کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات کے لیے اپنی ثابت قدمی کا اعادہ کرتے ہیں۔ پی ٹی سی ایل گروپ میں تنوع اور شمولیت ہماری تمام آپریٹنگ کمپنیوں، پی ٹی سی ایل، یوفون 4Gاور یوبینک میں جدت، کامیابی اور ترقی کے کلیدی محرک ہیں۔ لہذا،ہم کام کی ایسی جگہ بنانے کے لئے پرعزم ہیں جہاں ہماری ٹیم کے تمام ارکان کسی بھی صنف سے قطع نظر،خود کو قابل قدراور اپنی بااختیاری کو محسوس کریں تاکہ وہ اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں۔ ہمارے تنوع و شمولیت پر مبنی اقدامات صنف سے متعلق رکاوٹوں کا خاتمہ کرتے ہیں تاکہ خواتین عملے/ ٹیم اراکین کو اپنی شخصی اور پیشہ ورانہ ترقی پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد مل سکے۔”

ملازمین نے تقریب کے دوران ایک خصوصی دیوار پر صنفی مساوات اختیار کرنے کا عہد بھی کیا۔ اس تقریب کے بعد پنک کلب کی جانب سے ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا، یہ خصوصی کلب مکمل طور پر خواتین پر مشتمل ہے۔ ملازمین نے ”آپ کی زندگی کی خواتین” مہم میں بھی حصہ لیا جہاں وہ جوش و خروش سے انکے ایسے کے ذاتی واقعات سامنے لائے جس کی بدولت انہیں اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملی اور انہیں اپنی شخصی و پیشہ ورانہ کامیابی کے حصول میں رہنمائی حاصل ہوئی۔

اس تقریب میں ڈیجی ہر ہیکاتھون (DIGIHER Hackathon) کا بھی آغاز کیا گیا، جو باصلاحیت خواتین کو ٹیکنالوجی کے میدان میں موقع فراہم کرنے کا ایک اقدام ہے تاکہ مخصوص نتائج کو ذہن میں رکھتے ہوئے قابل عمل حل تیار کئے جاسکیں۔ اس حوالے سے کیس اسٹڈیز کا تجزیہ کرنا، جامع طور پر اعداد و شمار جمع کرنا، امکانات کا جائزہ لگانا، اور کاروبار سے منسلک اہم ٹیکنالوجی مسائل کے حل کی تجویز شامل ہوگی۔ یہ تقریب نمرہ رفیق کی دلچسپ پرفارمنس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جو اس سے قبل متعدد مقبول گیت جاری کرچکی ہیں۔ اس موقع پر سامعین ان کی شاندار پرفارمنس سے نہایت لطف اندوز ہوئے۔

پی ٹی سی ایل اور یوفون 4Gمیں خواتین کے عالمی دن کی تقریبات سالانہ طور پر منعقد ہوتی ہیں جو گروپ میں تنوع اور شمولیت کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ گروپ اپنے ہاں کام کی ایک ایسی جامع جگہ بنانے کیلئے پرعزم ہے جہاں تنوع کو اہمیت دی جائے اور صنفی مساوات کو فروغ ملے جس کے نتیجے میں وہ معاشرے میں دوسرے اداروں کے لئے بہترین اور قابلِ تقلید مثال بنے۔