پاکستان اورجنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین 3ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز پاکستان کی ٹیم نے 3ـ0سے جیت لی

فیصل آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان اورجنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین 3ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز پاکستان کی ٹیم نے 3ـ0سے جیت لی۔اقبال سٹیڈیم میں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 163رنز سے شکست دی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ونر،رنر اپ،دونوں سائیڈز سے بیسٹ پلیئرز،مین آف دی سیریز اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔کیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر،ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز سید سلمان بخاری،انور علی سیال،ڈی او سپیشل ایجوکیشن،عبدالستار،صدر فیصل آباد بلائنڈ کرکٹ داؤد سلیم ودیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم میدان میں ہارگئی لیکن ہمارے دل جیت لئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ملک ہے اور جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑیوں اورآفیشلز کو قیام کے دوران بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے جس کے لئے تمام اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیصل آباد آئندہ بھی عالمی میچز کی نمائندگی کے لئے پرعزم ہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان نے عمدہ مہمان نوازی پر ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دورہ پاکستان اوربالخصوص فیصل آباد میں میچز کھیل کر خوشی ہوئی۔