لاہور  (ویب نیوز)

نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر5 روزہ ”پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز 2023” نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی، پروقار افتتاحی تقریب منی ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض مہمان خصوصی تھے، پنجاب کے تمام ڈویژنز کے 9 سو سے زائد کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی کو مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے شاٹ کھیل کر ہاکی چیمپئن شپ کا افتتاح کیا، ہاکی اولمپیئن توقیر ڈار نے کھلاڑیوں سے حلف لیا، تقریب میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل، ڈی سی لاہور رافیعہ حیدر،کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم، فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی، کرکٹرکامران اکمل، سلمان بٹ، عثمان قادر، اولمپیئنز، انٹرنیشنل، نیشنل کھلاڑی، نامور پہلوان،ڈائریکٹر یوتھ افیئرزسید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق خانزادہ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر شاہ ودیگر شریک تھے، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر رمضان المبارک سپورٹس سیریز2023ء کا خوبصورت میلہ سجایا گیا ہے ، اس میں شرکت کرنیوالے  تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھی جی آیاں نوں کہتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس ہر معاشرے کا لازمی جُز بن چکی ہے، صحتمند معاشرے کے قیام میں سپورٹس کا کردار انتہائی اہم ہے، رمضان المبارک میں رات کو سپورٹس لوورز کو اچھی تفریح ملے گی،سپورٹس بورڈ پنجاب نے سپورٹس کا خوبصورت میلہ سجایا ہے جس میں 6کھیلوں کے ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں یہ سلسلہ 11اپریل تک جاری رہے گا،رمضان المبارک میں نوجوان رات کو اکثر کرکٹ کھیلتے ہیں ،اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کررہے ہیں ،پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز 2023ء میں کرکٹ ٹیپ بال، ہاکی، فٹ بال ، کبڈی، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے ایونٹس ہورہے ہیں جس میں خواتین بھی کچھ گیمز میں حصہ لے رہی ہیں، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے85لاکھ 50ہزار روپے کی خطیر انعامی رقم رکھی گئی ہے تاکہ ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہو اور وہ مزید محنت سے سپورٹس میں حصہ لیں اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ، تین دہائیوں تک پاکستان نے ہاکی کے میدان میں دنیا پر حکومت کی ہے مگر افسوس سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہاکی کا کھیل تباہ ہوگیا ہے، ہاکی کی بحالی کیلئے پہلی رمضان المبار ک سپورٹس سیریز 2023ء میں ہاکی چیمپئن شپ بھی منعقد کی جارہی ہے، یہ ہاکی بحالی کیلئے ہمارا پہلا قدم ہے اس کو مزید آگے بڑھائیں گے،  ہاکی چیمپئن شپ میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ہاکی چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہے، کبڈی پنجاب کے گبھرو نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل بھی ہے جس کے فروغ کیلئے پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز 2023ء میں کبڈی چیمپئن شپ بھی منعقد کی جارہی ہے جس سے کبڈی کے شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور کبڈی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، انہوں نے کہا کہ پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز 2023کے انعقاد کیلئے نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق سرکاری خزانہ سے کوئی رقم خرچ نہیں کی جارہی، تمام ایونٹ کو نجی شعبہ کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے