ایس ایم ایز کی ترقی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، کاشف اشفاق
لاہور (ویب نیوز)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو معاشی ترقی کا انجن کہا جاتا ہے اور اس اہم شعبے کے لیے آسان قرضے معیشت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صنعت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جمعرات کو یہاں ندا اعجاز کی سربراہی میں خواتین تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران ایس ایم ایز کے لیے بینک ایڈوانس بڑھ کر 524 بلین روپے تک پہنچ گئے ہیں جو ایک اچھا شگون ہے اور اس کے تمام ایس ایم ایز پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی صنعتی اور مینوفیکچرنگ کی بنیاد کو بڑھانے اور اس اہم شعبے کے لیے فنانسنگ کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل ایک پالیسی کا نفاذ کیا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد ایس ایم ایز کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سہولیات اور مراعات کو بڑھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے علاوہ ایس ایم ایز بے روزگاروں کو ان کے آبائی علاقوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں کافی مدد کر سکتے ہیں اور یہ دیہی آبادی کی شہری علاقوں اور بڑے شہروں کی طرف غیر ضروری آمد کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ کامیاب جوان بزنس پروگرام کے سافٹ لون کے لیے 39 ارب روپے کی رقم بھی منظور کی گئی ہے جو 25,700 نوجوانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ایس ایم ای پالیسی کے تحت بعض صنعتوں کے قیام اور توسیع کے لیے این او سی کی شرط کو بھی ختم کر دیا گیا ہے تاکہ خاص طور پر اس شعبے میں نئے افراد کی مکمل حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ محترمہ ندا اعجاز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایس ایم ایز کے شعبے میں بزنس سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے فنڈز مختص کرے۔ پالیسی اور فیصلہ سازی کے فورمز اور ایف بی آر کو بھی ہدایت کی جانی چاہیے کہ وہ بزنس کمیونٹی کو درپیش حقیقی شکایات کا ازالہ کریں۔