اسلام آباد  (ویب نیوز)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان ریلوے معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے ریلوے کی بحالی پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز، جو کبھی سامان کی نقل و حمل کا بہت سستا اور موثر ذریعہ تھا، روڈ ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں اپنی مسابقت کھو چکی ہے، اور اب مال بردار ٹریفک میں اس کا حصہ صرف 6فیصد تک ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ریلویز اپنی کارگو سروس کے معیار کو بہتر بنائے اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر مختصر مدت میں مال بردار ٹریفک میں اپنا حصہ کم از کم 20 فیصد تک بڑھا نے کی کوشش کرے جس سے اس کو بہتر ترقی ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلویز اسلام آباد ڈرائی پورٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ گڈز ثاقب اقبال بٹ سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ریلوے کو چاہیے کہ وہ آئی سی سی آئی کی مشاورت سے اسلام آباد میں بانڈڈ اور نان بانڈڈ گودام، سٹوریج کی سہولیات ، لوڈنگ اور ن لوڈنگ کے انتظامات قائم کرے تاکہ تاجر برادری کو اشیا کی درآمدو برآمد میں سہولت ہو۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔اس کے علاوہ ریلوے کی ترقی سے پاکستان تیل کے امپورٹ بل میں کم از کم پانچ ارب ڈالر کی کمی کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کی قیمتی زمینیں فروخت کر کے ملک کا سارا قرضہ اتارا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد ڈرائی پورٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ گڈز ثاقب اقبال بٹ نے کہا کہ پاکستان ریلویز تاجر برادری کو ان کی ضروریات کے مطابق کارگو سروس فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے نئی کارگو کوچز جلد پاکستان پہنچیں گی جو نجی شعبے کو بہتر مال بردار سروس فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو کارگو سروس میں اپنا حصہ بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے تعاون کی ضرورت ہے اور کہا کہ تاجر برادری سامان کی نقل و حمل کے لیے پاکستان ریلوے کی کارکرگو سروس استعمال کرے جس سے اس کی بحالی میں مدد ملے گی۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ تاجر برادری اسلام آباد میں بی او ٹی کی بنیاد پر سامان سٹاک کرنے کے شیڈ تعمیر کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ درآمدی سامان کو سٹاک کیا جا سکے اور ریلوے اس سلسلے میں ان کے ساتھ تعاون کرے۔
یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو اپنے ریل نیٹ ورک کو ایران، افغانستان اور وسطی ایشیا تک توسیع دینی چاہیے جس سے پاکستان کو ان ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔