مظفرآباد (ویب نیوز)

آزاد جموں وکشمیر کی تاجر برادری نے ریاستی بینک کے ساتھ بینکاری تعلقات مضبوط کرنے اور بزنس کو فروغ دینے کا اعلان کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ بہت جلد یہ بینک صف اول کے کامیاب ترین بینکوں میں شامل ہوجائے گا۔۔گزشتہ روز میرپور میں آزاد جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس و انڈسٹری سے وابستہ شخصیات، صدرانجمن تاجراں میرپور راجہ خالد محمود، صدر ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن راجہ خالد،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوھدری محمد منشاء، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن چودھری عبدالمعز، میر پور یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر خلیق الزماں،  پروفیسر ڈاکر محمد عامر، ڈائریکٹر ہسپتال انجینئر ریاض، سابق صدر انجمن تاجراں چوھدری محمود احمد، سمیت سرکردہ کاروباری اور سماجی شخصیات نے اپنے اعزاز میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ افطار ڈنر میں صدر بینک جناب خاور سعید کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری بینک کی برق رفتار ترقی اور کامیابی چاہتی ہے اور ادارے کے ساتھ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کا عزم کررہی ہے۔ بینک خدمات میں بہتری لاتے ہوئے صارفین کا بھرپور اعتماد حاصل کر رہا ہے۔تقریب میں سرکردہ تاجر برادری اور سماجی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر اور سی ای او جناب خاور سعید نے کہا کہ بینک شیڈولنگ کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے بہترین بزنس نتائج حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور ڈپٹی گورنر کے ساتھ میٹنگز کے فوری بعدفوکل پرسن کی تقرری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بینک کی کارکردگی، بورڈ اور منیجمنٹ کی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے اور اعتراف کیا جا رہا ہے کہ بینک پروفیشنل بینکاری خدمات سرانجام دیتے ہوئے ریاست کا سب سے زیادہ منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک کی 17سالہ تاریخ میں شاندار بزنس نتائج حاصل کئے گئے ہیں۔ 2022میں بینک کے منافع میں 110فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اثاثہ جات،بیرون ملک سے ترسیلات زر اور ڈیپازٹس میں بھی تاریخی اضافہ ہوا۔اس موقع پرکاروباری شخصیات نے اپنی تجاویز پیش کیں اور ریاستی بینک کو فوقیت دینے،اس کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔