اسلام آباد  (ویب نیوز)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے سی ڈی اے کے ممبر فنانس سید مظہر حسین شاہ سے ملاقات کی اور مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں کی ضرورت کے بارے میں ان کو تفصیل سے آگاہ کیا۔سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید منور شاہ اور خزانہ کے ہیڈ میاں طارق لطیف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

احسن بختاوری نے کہا کہ مارکیٹوں میں سیوریج کا نظام بہت پرانا ہو چکا ہے جس میں اب اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ موجودہ آبادی کی ضروریات کے مطابق کام کرے یہی وجہ ہے کہ سیوریج لائنیں متعدد جگہوں سے لیک ہو ررہی ہیں اور مارکیٹوں میں گٹر ابل رہے ہوتے ہیں جو بدبو پھیلاتے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا ہے پہلے مرحلے میں جی نائن مرکز، ایف سیون مرکزاور بلیو ایریا میں موجودہ دور کی ضرورت کے مطابق فوری طور پر نئی سیوریج لائنیں ڈالی جائیں۔ اس کے بعد بتدریج دیگر مارکیٹوں اور شہر میں سیوریج نظام کوآبادی کی ضرورت کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے تا کہ سیوریج کے مسائل حل ہوں اور ماحول بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ کی سہولت، سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے لہذا انہوں نے تجویز دی کہ سی ڈی اے کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو چیمبر اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل ہر ہفتہ وار مارکیٹوں کا دورہ کریں تا کہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے کر ان کو جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں سے رش کم کرنے کیلئے کار شو رومز کو بھی ایک الگ جگہ منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک کار شو رومز کیلئے کسی مستقل جگہ کا بندوبست نہیں ہوتا تب تک سی ڈی اے ان کار شو رومز کو لیز پر کم از کم تین سال کیلئے غیر نیلام شدہ پلاٹوں پر شفٹ کرے جس سے مارکیٹوں میں پارکنگ کے مسائل کم ہوں گے۔

اس موقع پر وفد سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر فنانس سید مظہر حسین شاہ نے یقین دلایا کہ عید کے بعد سی ڈی اے کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہفتہ وار مارکیٹوں کا دورہ کریں گے تا کہ مسائل کی نشاندہی کر کے ان کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مارکیٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے بلڈنگوں کو پینٹ کرنا اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں لہذا سی ڈی اے چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر سیوریج نظام کا مسئلہ حل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ترقیاتی کام آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا سی ڈی اے ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کار شورومز کو الگ جگہ پر شفٹ کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ کے مسائل میں کمی واقع ہو۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ اسلام آباد کو ایک جدید شہر کے طور پر ترقی دینے کیلئے سی ڈی اے اپنا کردار ادا کرے گی۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے لہذا اس کو ایک رول ماڈل شہر کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنیں اسلام آباد کی بہتر ترقی کیلئے سی ڈی اے کی معاونت کر سکتے ہیں لہذا سی ڈی اے ان کو اعتماد میں لے کر ترقیاتی کام آگے بڑھائے۔

چیمبرکے سابق صدور ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے بھی سی ڈی اے کے ممبر فنانس اور ممبر انجینئرنگ کو مارکیٹوں کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔