وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کردیا

کابینہ ڈویژن نے سنیٹر اسحاق ڈار کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وزیر خارجہ سنیٹر اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کردیا گیا۔شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کردیا۔ کابینہ ڈویژن نے اسحاق ڈار کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔خیال رہے کہ اسحاق ڈار ملک کے دوسرے ڈپٹی وزیراعظم ہیں، اس سے قبل چوہدری پرویز الہی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ڈپٹی وزیراعظم رہ چکے ہیں۔اسحاق ڈار پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنماں میں شمار ہوتے ہیں۔ ماضی میں انہیں ن لیگ کی حکومتوں میں متعدد بار وزیر خزانہ کی ذمہ داری سونپی گئی، تاہم اس بار ان کی جگہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بنایا گیا جبکہ انہیں وزیر خارجہ کی ذمہ داری ملی۔اسحاق ڈار پہلی مرتبہ 1998 میں نواز لیگ کے دور میں وفاقی وزیر خزانہ بنے تھے۔ اس کے بعد 2013 میں نواز لیگ کی حکومت میں ایک بار پھر وہ وزیر خزانہ بنائے گئے۔تاہم 2017 میں نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد جب شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنے تو مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔اپریل 2022 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد شہباز شریف کی وزارت عظمی کے پہلے پانچ مہینوں تک مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ رہے، تاہم، ستمبر 2022 کے آخر میں اسحاق ڈار کو ایک بار پھر وزارت خزانہ مل گئی۔