• اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی چیئرپرسن کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کادورہ

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ اس کا مقصد شہریوں کو صاف ستھری اور ملاوٹ سے پاک فوڈ کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوڈ اتھارٹی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فوڈ سٹینڈردذ اور قوانین کو حتمی شکل دے جس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کے موقع پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر طاہرہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ فوڈ سٹینڈرڈز کے بارے میں متعلقہ شعبے کی بزنس کمیونٹی میں پہلے مکمل آگاہی پید اکی جائے اور اس سلسلے میں چیمبر سمیت مارکیٹوں میں بھی آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آگاہی پروگرام منعقد کرنے میں ہرممکن تعاون کرے گااور اس سلسلے میں اپنے آڈیٹوریم کی سہولت بھی فراہم کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور فوڈ اتھارٹی کے نمائندگان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو فوڈ شعبے کے مسائل حل کرنے اورمعاملات کو فہام و تفہیم سے آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر طاہرہ نے کہا کہ ان کے ادارے کا مقصد شہریوں کو معیاری فوڈ کی فراہمی کی دستیابی یقینی بنانا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ فوڈ شعبے کی تاجر برادری کو غیر ضروری طور پر بالکل تنگ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رستورانوں اور بیکریوں سمیت فوڈ شعبے کی بزنس کمیونٹی کو ہرممکن طریقے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی تا کہ جرمانوں اور سزاؤں کی نوبت ہی نہ آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تاجر برادری فوڈ اتھارٹی کے مشن کو آگے بڑھانے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔

چیمبر کے نائب صدر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کو اگر کسی ریسٹورنٹ، بیکری یا کسی بھی تاجر کے خلاف کو ئی شکایت ہو تو پہلے چیمبر کو اعتماد میں لیا جائے تا کہ مشترکہ کوششوں سے ایسے مسائل کو حل کیا جائے اور فوڈ سے متعلق شہریوں کے مفادات کو بہتر تحفظ کیا جائے۔

چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، اسلام آباد ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر خرم خان، انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، خالد چوہدری، حاجی ممتار احمد، ثاقب عباسی، اشعر حفیظ، سیف الرحمٰن خان، خواجہ جنید، عمر ریاض، محمد یحییٰ، روحیل بٹ شکارپوری، مظفر ہاشمی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر فوڈ سٹینڈرڈز کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔