سی ڈی اے جی ٹین مرکز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ محمد شکیل منیر
احساس ریڑھیوں کو جی ٹین مرکز سے باہر کھلی جگہ پر منتقل کیا جائے۔ محمد عابد عباسی
جی ٹین مرکز میں فوڈ سٹریٹ یا فلاور مارکیٹ قائم کی جائے۔ جمشید اختر شیخ، فہیم خان

اسلام آباد (ویب نیوز )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ جی ٹین مرکز اسلام آباد کا ایک پرانا تجارتی مرکز ہے لیکن عدم توجہ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے لہذا سی ڈی اے اس تجارتی مرکز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر آئے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین مرکز کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے ایسوسی ایشن کے صدر محمد عابد عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر تابش محبوب، نائب صدر جواد کیانی، سیکرٹری جنرل اظہر امین، اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
محمد شکیل منیر نے کہا کہ انہوں نے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرنے کا ایک سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عنقریب وہ چیئرمین سی ڈی اے کے ساتھ جی ٹین مرکز کا دورہ کر نے کی کوشش کریں گے تا کہ مارکیٹ کے مسائل کی نشاندہی کر کے ان کو جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے اہم مسائل کو حل کرانے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے کہا کہ چیمبر جی ٹین مرکز سمیت تمام مارکیٹوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتا ہے تا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹین مرکز کی ایسو سی ایشن تحریری طور پر اپنے مسائل چیمبر کو ارسال کرے تا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کر کے ان کو حل کرانے کی کوشش کی جائے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے سی ڈے اے سے مطالبہ کیا کہ جی ٹین مرکز سمیت مارکیٹوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹین مرکز میں فوڈ سٹریٹ یا فلاور مارکیٹ قائم کی جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔
ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین مرکز کے صدر محمد عابد عباسی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احساس رہڑھی بان پروگرام کے تحت جی ٹین مرکز میں دکانوں کے سامنے رہڑھیاں لگائی گئی ہیں جس سے دکانداروں کا کاروبار بہت متاثر ہو رہا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ دکانداروں کو نقصان سے بچانے کیلئے ان رہڑھیوں کو مرکز سے باہر کھلی جگہ پر شفٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی او ایس کے مسئلے پر بھی تاجروں کو بہت تحفظات ہیں لہذا ایف بی آر ان کے تحفظا ت کو دور کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نئے قانون کرایہ داری پر عمل درآمد کیلئے ہدایات جاری کرے اور کرایہ داری کے پرانے تنازعات کو بھی نئے قانون کرایہ داری کے تحت نمٹایا جائے۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ جی ٹین مرکز میں جو ترقیاتی کام رہ گئے ہیں ان کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ چیمبر مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کیلئے ایک جیسا آئین بنانے میں تعاون کرے۔ انہوں نے مزید تجویز دی کہ چیمبر جی ٹین مرکز کی ایسو سی ایشن کے تعاون سے مرکز میں ایک مینا بازار لگانے پر غور کرے۔
چیمبر کے سابق صدر زبیر ا حمد ملک نے کہا کہ مارکیٹوں کی بہتر ترقی اور تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے میں سی ڈی اے کا کردار بہت اہم ہے لہذا ادارہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں مزید تیز کرے جس سے کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔
انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، خالد چوہدری، تابش محبوب، اظہر امین، ظفر گجر، احسن بختاوری، اختر عباسی، چوہدری عرفان، سیف الرحمٰن خان، ضیا چوہدری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے سے جی ٹین مرکز کے مسائل کو جلد حل کرنے اور ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔