ا سلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دعوت پرآسٹریا کے یورپی اور عالمی امور کے وفاقی وزیر الیگزینڈر شیلنبرگ سولہ سے انیس مارچ دوہزار بائیس کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی آسٹریا کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شیلنبرگ دورے کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لینے کے علاوہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بات چیت ہوگی۔ دورے کے دوران آسٹریا کے وزیر خارجہ کی دیگر اعلی شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ایک کاروباری گول میز کانفرنس کا بھی اہتمام کیاجارہا ہے جہاں آسٹریا اور پاکستان کی کاروباری شخصیات کو کاروباری امکانات پر بات چیت کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔ آسٹریا کے وزیر خارجہ لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ آسٹریا پاکستان کا ایک قابل قدر شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، خوشگوار تعلقات استوار ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ آسٹریا کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کررہی ہیں اور دونوںممالک میں اعلی تعلیم کے شعبے میں روابط استوار ہیں۔ پاکستان اور آسٹریا عالمی اداروں میں بھی قریبی تعاون استوار کئے ہوئے ہیں۔ آسٹریا کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے پاکستان اور آسٹریا کے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مہمیز ملے گی۔