بلاول کے بڑے انہیں سمجھائیں، یہ حکومت کا نہیں بلکہ ریاست اور ملکی ساکھ کا معاملہ ہے

تحریک عدم اعتماد کا آئینی اور قانونی مقابلہ کریں گے، وزیر خارجہ کا انٹرویو

اپوزیشن باتیں کم اورعدم اعتماد میں ہارنے کی تیاری کرے۔ اوآئی سی کانفرنس کی حفاظت، حکومت اور افواج کی ذمہ داری ہے.شیخ رشید احمد

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ  امید ہے بلاول بھارتی آلہ کار نہیں بنیں گے اور او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ نہیں کریں گے،بلاول کے بڑے انہیں سمجھائیں، یہ حکومت کا نہیں بلکہ ریاست اور ملکی ساکھ کا معاملہ ہے، تحریک عدم اعتماد کا آئینی اور قانونی مقابلہ کریں گے، کسی رکن اسمبلی کو ووٹ دینے سے نہیں روکیں گے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری نظر میں اپوزیشن کا بیان نا سمجھداری اور بوکھلاہٹ ہے، پریشان ہمیں ہونا چاہیے لیکن پریشان وہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی رکن اسمبلی کو ووٹ دینے سے نہیں روکیں گے، زبردستی نہیں کریں گے، اپنا مینڈیٹ اراکین کو یاد کرائیں گے، 27 ستمبر کو میرے خطوط جا چکے، ان کو دعوت دے چکا ہوں، آج سے مہمان او آئی سی اجلاس کے لیے آنا شروع ہوگئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس صورتِ حال میں یہ دھمکی دے رہے ہیں، بھارت اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، او آئی سی پاکستان کی ساکھ اور دعوت نامہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بلاول بچہ ہے، جذباتی ہوگیا ہے، ان کو بوکھلاہٹ اور پریشانی کس چیز کی ہے، تاریخ کا اختیار میرا اور آپ کا نہیں  اسپیکر کی صوابدید ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں میں کوئی چیز مشترک نہیں ہے، ان کا نظریہ ایک ہے، یہ تو بھانت بھانت کی بولی ہے، اپوزیشن اتحاد غیر فطری ہے، بکھر جائے گا، اپوزیشن کی صفوں میں پریشانی ہے، یکسوئی نہیں، مسلم لیگ (ن) کے اندر 2 سوچیں ہیں، ایک سوچ عدم اعتماد اور دوسری اس کے خلاف ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کیا سوچ سمجھ کر پیش نہیں کی؟  24سے 48 گھنٹوں میں 190 سے 200 ووٹوں کی بات کر رہے تھے، اب ان کوگھبراہٹ کس بات کی ہے،وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم نے عدم اعتماد کا مقابلہ سیاسی و جمہوری انداز میں کرنا ہے، ہم ہرگز تصادم نہیں چاہتے اور کسی رکن اسمبلی کے رستے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، ہر رکن اسمبلی کو اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دینے کا حق ہے، ہم اپنے منحرف ارکان کو منانے کی کوشش کریں گے لیکن زبردستی نہیں کریں گے، ہم تماشا نہیں بنانا چاہتے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد تو ابھی آرہی ہے، لیکن اوآئی سی اجلاس تو پہلے سے طے تھا، مہمان آنے شروع ہوگئے، وزرائے خارجہ تشریف لارہے ہیں، ایسے میں یہ دھمکی دے رہے ہیں۔شاہ محمود نے کہا کہ بھارت اس کانفرنس کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، امید ہے بلاول بھارت کے ایجنڈے کے آلہ کار نہیں بنیں گے، اور اس اجلاس کو سبوتاژ نہیں کریں گے، اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، ایک طرف مولانا فضل الرحمان نے او آئی سی اجلاس کے لیے اپنا لانگ مارچ موخر کیا لیکن دوسری طرف یہ دھرنا دینے جارہے ہیں، یہ ناپختگی اور ناسمجھی ہے، ان کے بڑے انہیں سمجھائیں، یہ حکومت کا نہیں بلکہ ریاست اور ملکی ساکھ کا معاملہ ہے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ او آئی سی کانفرنس ان کا باپ بھی خراب نہیں کرسکتا۔ایک نجی ٹی وی  سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن باتیں کم اورعدم اعتماد میں ہارنے کی تیاری کرے۔ اوآئی سی کانفرنس کی حفاظت، حکومت اور افواج کی ذمہ داری ہے۔ اوآئی سی کانفرنس ان کا باپ بھی خراب نہیں کرسکتا۔ اوآئی سی کو سبوتاژکریں گے تو سارا سسٹم سبوتاژہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہارکی وجہ سے ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول ذہنی پستی کا شکارہیں، اپوزیشن کوپتا چل گیا ہے کہ ان کے بندے نہیں نکل رہے۔یہ عدم اعتماد میں ہاریں گے، یہ ہارنے کی تیاری کریں، اوآئی سی کانفرنس کو سبوتاژ نہ کریں۔اس سے قبل راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم آپ وقت کے شیرشاہ سوری ہیں، وزیراعظم صاحب یہ میری پندرہویں وزارت ہے، میری خواہش ہے مرنے سے پہلے وزیراعظم کے ہاتھوں نالہ لئی کا افتتاح ہوجائے، وزیراعظم صاحب! یہ چھوٹے لوگ آپ کی مخالفت کررہے ہیں، ہمارا ووٹ آپ کا ہے، چور آصف زرداری، بھگوڑے نوازشریف، شہبازشریف ٹائپ کے لوگ عمران خان کو شکست نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدم اعتماد میں کامیاب ہوں گے، آئندہ 72گھنٹوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی، وزیراعظم عمران خان غریب کی حالت کو بدلنا چاہتے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا شوگر، آٹا مافیا ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹے، یہ نہیں ہوسکتا کہ شوگر مافیا حکومتیں بنا رہا ہو، وزارت عظمی چھوٹی چیزیں آتی اور جاتی ہیں، عمران خان کو ایک انقلابی لیڈردیکھنا چاہتا ہوں، یہ پچھتائیں گے اگرآپ کونکالیں گے، وزیراعظم آسانی سے گھرنہیں جائے گا تمہیں بھی گھرلیکرجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہاری بنیادوں، جڑوں میں بیٹھ جائے گا، چور، لٹیرے اکٹھے ہو چکے ہیں، یہ عمران خان کی صلاحیتوں سے واقف نہیں، عدم اعتماد میں کامیاب ہوں گے، اپوزیشن ساری عمرپچھتائے گی کس لیڈرکوللکارا تھا، میرا ایمان ہے عمران خان جیتے گا،اپوزیشن رسوا ہوگی۔