اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بنے گا۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ وقت کے ساتھ سیاسی طور پر درست ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا بھارت کے ساتھ غیر قانونی الحاق، کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، جبری گمشدگیاں، اقلیتوں پر ظلم و ستم، مواصلاتی بندش اور ماورائے عدالت قتل اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اگر مسلمان متحدہ ہندوستان میں ہندو اکثریت کے رحم و کرم پر رہتے تو ان کا کیا حشر ہوتا۔ایسی جدوجہد میں آزادی کا حصول نصف کام سمجھا جاتا ہے۔ بقیہ نصف، ریاست کی سلامتی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہونے کی وجہ سے اتنا ہی اہم ہے۔ اس میں مختلف قومیتوں اور اقلیتوں کو ایک قوم میں یکجا کرنا، قانون کی بالادستی یقینی بنانا، سماجی اور طبقاتی حیثیت کی بنیاد پر امتیاز ختم کرنا ، دہشت گردی اور اندرونی خلفشار کا خاتمہ کرنا ، اقتصادی ترقی حاصل کرنا، دنیا اور بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات فروغ دینا اور سب سے بڑھ کر ریاست کے تمام شہریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ کرنا شامل ہیں ۔ان تمام چیزوں کا حصول ممکن ہے ۔ پاکستانی قوم کا پولیو اور کورونا پر قابو پانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔ ہمیں اپنے آبائو اجداد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مل کر قومی اتحاد اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم محمد علی جناح کے دئیے گئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کی طرز پر جمہوری فلاحی ریاست کے طور پر ترقی کے لیے وقف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غربت کے خاتمے اور انصاف کے فروغ کے لیے طویل المدتی اصلاحات اور اقدامات کیے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشرے کے پسماندہ طبقات پر مرکوز ہے تاکہ انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا اور اب اس کے استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت ، دیانتداری اور اخلاقیات میں مضمر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام نوجوانوں، کاشتکاروں،چھوٹے کاروبار اورکم لاگت کے مکانات کے شعبہ کیلئے زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے۔ قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام سے تمام شہریوں کو صحت کی ہمہ گیر سہولیات فراہم ہوں گی جو ملک کی تاریخ میں ایک بے مثال پروگرام ہے۔ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جس میں سابقہ حکومتوں نے خلل ڈالا تھا ۔ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد اورعوام کی فلاح وبہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ کرپشن کے خاتمے اور اخلاقی معیارات کو بلند کرنے کی جدوجہد کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ ہمارے آبا و اجداد نے تحریک آزادی کے دوران کیا تھا۔میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ ہمیں پاکستان کے عظیم بانیان کے نقش قدم پرچلنے کی توفیق عطا فرمائے۔