ملکی سیاست کو حرام کے پیسے سے پاک کرنا چاہتے ہیں، اسد عمر

اسلام آباد(ویب  نیوز)

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملکی سیاست کو حرام کے پیسے سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں عوام کے پیسے میں خیانت کرنے کی کسی کی ہمت نہ ہو، جن کے مفادات باہر ہوں وہ خود داری کے ساتھ ملکی قیادت نہیں کرسکتے، دنیا کو پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان ملکی مفاد کے علاوہ کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔اسد عمر نے کہا کہ انشا اللہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، ٹی وی پر احمد حسین ڈیہر کا پیغام سنا امید ہے باقی بھی واپس آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 27 تاریخ کو ملک میں تاریخ رقم ہوگی، پوری دنیا کی نظریں پریڈ ایونیو پر ہوں گی۔اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک قرارداد پیش کی جس کو تمام مسلم ممالک نے سپورٹ کیا، اقوام متحدہ نے قرارداد پر فیصلہ کیا 15 مارچ کا دن اسلامو فوبیا کیخلاف منایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی، میں تمام پاکستانیوں کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کہ عالمی فتح ہوئی، عمران خان نے مسلمانوں کا مقدمہ جس طرح لڑا فخر محسوس ہوتا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں کی اربوں ڈالرز کی جائیدادیں باہر ہیں، جن کی جائیدادیں باہر ہوں ایسے حکمران کیا خاک مسلمانوں کا مقدمہ لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنی ذات کے لیے نہیں ملک کے لیے کچھ کریں تو ملک میں بہت صلاحیت ہے،انہوں نے کہا آج ایک بار پھر نظرآیا کہ اللہ سے ڈرنے والا لیڈر موجود ہو تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا موجودہ سیاسی صورتحال کو بھی ایک عام عدم اعتماد کی تحریک نہ سمجھیں، یہ پاکستان کے مستقبل کے تعین کے لیے مقابلہ ہورہا ہے، ہمارا اب بھی یہی ماننا ہے کہ عمران خان کو اس جدوجہد کے اندر بھی کامیابی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی ذات کی بجائے ملک کے لیے فیصلے کریں تو اس ملک میں بڑی قوت ہے کہ ہمیں دنیامیں عزت سے دیکھا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ 27 تاریخ کو جلسے میں شرکت کے لیے بیرون ملک پاکستانی بھی وطن آرہے ہیں، ان شا اللہ 27 تاریخ کو پریڈ گراونڈ کے اندر پاکستان کی تاریخ کا سب سیبڑا اجتماع ہونے جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگ جو پاکستان کو خوددار ملک کیطور پر دیکھنا چاہتے ہیں ان سب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 27 تاریخ کو جلسے میں شرکت کے لیے آئیں، اس دن تمام دنیا کی نظر اسلام آباد پریڈ گراونڈ پر ہوگی، ان شا اللہ اس دن تاریخ رقم ہوگی۔