ملک انشا اللہ ترقی کرے گا اور مزید بہتری ہوگی،آرمی چیف

اچھے کی امید ہے، ہم بہت مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

اسلا م آباد(ویب  نیوز)

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہے کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ یقین دلاتا ہوں پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں، ملک انشا اللہ ترقی کرے گا اور مزید بہتری ہوگی۔ایوان صدر میں نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کے آئندہ حالات بارے میں بہت پرامید ہیں، ہم پاکستان کو بہت آگے دیکھ رہے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، ہمارے ملک میں اللہ کا دیا سب کچھ ہے، اچھے کی امید ہے، اچھا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ مایوسی نہ پھیلائیں لوگوں کو امید دیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تقریب حلف برداری میں صحافی نے آرمی چیف سے ملک کی مستقبل کی صورت حال کے حوالے سے سوال کیا۔صحافی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے دریافت کیا کہ آپ ملک کو کہاں دیکھ رہے ہیں؟ جس پر آرمی چیف نے جواب دیا کہ ملک انشا اللہ ترقی کرے گا اور مزید بہتری ہوگی۔صحافی نے آرمی چیف سے کہا کہ گزشتہ شب کاکول میں پریڈ کے دوران آپ کا خطاب بہت اچھا تھا اور آپ کو مستقبل میں بھی ایسے ہی خطابات کرنے چاہیں۔صحافی کے مکالمے پر آرمی چیف مسکرائے اور شکریہ بھی ادا کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی( پی ایم اے) کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب میں بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آج کا دن ملکی دفاع کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، قوم کویقین دلاتے ہیں پاکستان کیلئے کسی قربانی سیدریغ نہیں کریں گے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن قائدین، اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل آزادی کی تکریم کا دن ہے، آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الاللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زوردیتا ہے، یہ پیغام دوقومی نظریہ کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔۔