کراچی (ویب ڈیسک)
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے سال 2020 کے لیے ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز کے وصول کنندگان کا اعلان کردیا گیا۔ اس باوقار ایوارڈ کے لیے کلیدی پیشگی شرائط میں چند چیزیں شامل تھیں ، جیسے ٹوٹل شیئر ہولڈر ریٹرن (TSR)، سال کے دوران مجموعی تجارتی دنوں کے کم از کم 50فیصد دنوں میں شیئرز کی لازمی ٹریڈنگ، اور یہ کہ کمپنی ایکسچینج میں ڈیفالٹرز کے طور پر موجود نہ ہو یا اس کے شیئرز کی ٹریڈنگ مذکورہ سال کے دوران لسٹنگ کمپنیوں اور ایکسچینج کے سیکیورٹیز ریگولیشنز کی خلاف ورزی کے باعث معطل نہ کی گئی ہو۔ اس سال SDGsپر تغیر پذیری اور رپورٹنگ کے لیے مخصوص ویٹیج بھی شامل کیا گیا ہے۔پی ایس ایکس 1978 سے، اسٹاک ایکسچینج میں درج کمپنیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز سے نواز رہا ہے۔ سرسری طور پر جائزہ لیا جائے تو، وہ کمپنیاں جنھوں نے اپنی کارپوریٹ گورننس، مالیاتی کارکردگی کے لحاظ سے شاندار کارکردگی دکھائی ہو اور شیئر ہولڈر کی قدر میں اضافہ کیا ہو وہ ٹاپ 25 کمپنیوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہتی ہیں۔ خاص طور پر، وہ کمپنیاں جنھوں نے اپنی کیپٹل کی کارکردگی، TSR، شیئرز کے مفت فلوٹ، آپریٹنگ ریونیو میں اضافے، شیئرزکے کاروبار، اور کارپوریٹ گورننس اور سرمایہ کاروں کے تعلقات کے مخصوص کوانٹیفائرز کے لحاظ سے دوسروں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ،وہ پی ایس ایکس کے ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈ کے لیے اہل قرار پاتی ہیں۔ مزید یہ کہ، وہ کمپنیاں جنھوں نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر)، پائیدار ترقی کے اہداف (SDG)، اور تغیر پذیری اور شمولیت جیسے دیگر میٹرکس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ اس باوقار ایوارڈ کی اہل ہوتی ہیں۔ 2020 کے لیے ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز کے اعلان کے موقع پر، پی ایس ایکس کے ایم ڈی اورسی ای او ، فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ، ”میں پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز 2020 کے وصول کنندگان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کاروباری اور کارپوریٹ سرگرمیوں کے تمام شعبوں میں اپنی غیر معمولی کارکردگی کے ذریعے ، چاہے وہ آپریشنل ہو، مالیاتی ہو، گورننس سے متعلق ہو، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری اور SDGs کے حوالے سے ہو، ان لسٹڈ کمپنیوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور پاکستان کو غیر معمولی قدر فراہم کی ہے۔ یہ حقیقی معنوں میں تمام کمپنیوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔”انھوں نے مزید کہا کہ ، ”گزشتہ 44 سالوں سے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے غیر معمولی کارکردگی اور کمپنیوں کی حوصلہ افزائی اور شناخت کے لیے ایک اعلیٰ معیار قائم کیا ہے۔ یہ کمپنیاں مسلسل شیئر ہولڈرویلیوتیار کرنے کا باعث بنی ہیں۔ پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز کے ذریعے ان کارپوریٹ ستاروں کی کارکردگی کو تسلیم کیا جاتا ہے اور ان کا جشن منایا جاتا ہے، جو انھیں مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے نمایاں کرتا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور اس کی معیشت کا ایک مثبت امیج بھی اجاگر ہوتا ہے۔ ”مزید ان کا کہنا تھا کہ ، ”مجھے یہ بتاتے ہوئے بھی خوشی ہو رہی ہے کہ پی ایس ایکس کی جانب سے سال 2021 کے لیے ٹاپ 25 کمپنیوں کے انتخاب کے معیار کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ تیزی سے اہمیت کی حامل پائیدار ترقی کے اہداف کو زیادہ ویٹیج دیتا ہے۔ مزید یہ کہ، کمپنیوں کی کارکردگی ان کے مالیاتی تناسب کے لحاظ سے اور کم از کم 30 فیصد ڈیویڈنڈ کی تقسیم کو نظر ثانی شدہ معیار میں شامل کیا گیا ہے۔ ہم پرُامید ہیں کہ اس سے تمام لسٹڈ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ کلیدی SDGsپر توجہ مرکوز کریں اور شیئر ہولڈر کی زیادہ قدرفراہم کریں۔”