آئی ایم ایف سے معاہدہ ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، تاریخ رقم

پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر بھرپور تیزی سامنے آئی اور انڈیکس میں 2230پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھرپور تیزی  پر سرگرمیاں ایک گھنٹے کے لیے معطل ،کاروباری قانون کے مطابق حصص کی خریدوفروخت روک دی

کرا چی(ویب  نیوز)

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے، جس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے ہی دن زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوگیا۔پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ہونے والے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے بھرپور اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج  میں کاروبار کے دوران سامنے آنا شروع ہو گئے۔ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹلنے کے بعد عید الاضحی کی تعطیلات ختم ہوتے ہی ہفتے کے پہلے دن کاروبار شروع ہوتے ہی نئی تاریخ رقم ہو گئی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر بھرپور تیزی سامنے آئی اور انڈیکس میں 2230پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھرپور تیزی ہونے پر سرگرمیاں ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئیں اور کاروباری قانون کے مطابق حصص کی خریدوفروخت روک دی گئی۔حصص کی خرید و فروخت کے دوران ابتدا ہی میں کے ایس ای 100انڈیکس 1961پوائنٹس اضافے سے 43414پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا۔بعد ازاں 2341.68پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100انڈیکس 43794.36پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا، جو بڑھتے بڑھتے 2471پوائنٹس اضافے سے 43923پوائنٹس تک پہنچ گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 11 اپریل 2022 کو انڈیکس میں 1700پوائنٹس کے اضافے کوبلند ترین ریکارڈ قرار دیا گیا تھا۔

آئی ایم ایف سے معاہدہ، ڈالر اوپن مارکیٹ میں 5 روپے سستا،285روپے کا ہو گیا

کراچی .بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)سے معاہدے کے اثرات امریکی ڈالر کی قدر پر بھی اثر انداز ہوئے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد پیر کو کاروبار کے آغاز میں ڈالر 5 روپے سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5روپے سستا ہونے کے بعد 285روپے کا ہو گیا ہے۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 290 روپے کا تھا۔ ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آئی ایم ایف سے معاہدے کے زبردست نتائج دیکھنے میں آئے ہیں جہاں 100انڈیکس ریکارڈ اضافے کے ساتھ تاریخی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔