لاہور (ویب ڈیسک)
امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں موجود ہ بحرانی صورتحال کے حوالے سے کراچی میں ایک ہنگامی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو کمزور اورسیاسی انتشار کا شکار کرنا عالمی ایجنڈا ہے اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہی پاکستان کو بچاسکتی ہے جب کہ حکومت،اپوزیشن اور اس کھیل کے تمام کھلاڑی پاکستان میں آئین کی حکمرانی قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، ملک میں آئین اور جمہوری روایات کی پاسداری نہیں کی جارہی،باہمی لڑائی کو عدالت میں لے جانا بھی سیاستدانوں کی ناکامی بن کر سامنے آرہی ہے اور آج پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ملک،آئین اور عوام کسی کے بھی حق میں نہیں ہے،ملک میں تینوں بڑی طاقتیں اسٹبلشمنٹ کی پروردہ ہیں اور اسلام آباد میں جاری سارا تماشہ عوام کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہے۔سراج الحق نے کہاکہ ملک کا نظام تبدیل کے بغیر صرف افراد کی تبدیلی سے عوام کوکوئی فائدہ نہیں ہوگا غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے جو مہنگائی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ تھا وہ آج پیچھے چلا گیا ہے۔اسلام آباد میں آج بھی میوزیکل چیئر کا تماشہ ہورہا ہے،جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح آج بھی ملکی معاملات میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے خلاف اور ملک میں انتخابی اصلاحات کے ساتھ آزادانہ انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔