نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے شہباز شریف ،شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع
شہباز شریف کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ خواجہ آصف اور رانا تنویر اورشاہ محمود کے تائیدوتصدیق کنندہ عامرڈوگر،علی محمد خان ہیں
شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور،تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد
اسلام آباد ( ویب نیوز)
متحدہ اپوزیشن کے امیدوار اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی منظورہوگئے۔تحریک انصاف کے شہباز شریف پر اٹھائے گئے اعتراضات مسترد ہوگئے ہیں ۔ نئے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ تحریک انصاف نے شہباز شریف پر اعتراضات عائد کردیے۔پی ٹی آئی کی جانب سے بابر اعوان نے اعتراض کیا کہ شہباز شریف پر مقدمات درج ہیں، آرٹیکل 233 کاغذات نامزدگی کو منظور کرنے یا مسترد کرنے کا تین جگہ پر اختیار دیتا ہے، شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔تاہم سیکریٹری قومی اسمبلی نے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لئے مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف اور تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اب نئے قائد ایوان کے انتخاب کا عمل شروع ہوچکا ہے جس کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کران کے لئے اتوار کے روز دوپہر 2 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا۔متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نئے قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ جمع کرادیئے گئے ۔ شہبازشریف نے خود کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور خواجہ آصف اور رانا تنویر شہباز شریف کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی میدان کھلا نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے قائد ایوان کے لئے سابق وزیرخارجہ اور پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ عامر ڈوگراورعلی محمد خان ہیں۔