شہباز شریف 2017کی مردم شماری میں کراچی سے نا انصافی کا ازالہ کریں ، حافظ نعیم الرحمن

نئی مردم شماری کراکے کراچی کی آبادی کو درست شمار کیا جائے ، نئی حلقہ بندیاں اورفوری بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں ، امراء اضلاع کا اجلاس

 جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے معاہدے کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلا کر ترامیم کرکے با اختیار شہری حکومت کا نظام وضع کیا جائے

کراچی(ویب  نیوز)

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت بدھ کو ادارہ نورحق میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بدلتی ہوئی موجودہ سیاسی صورتحال اور کراچی کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک اور رابطہ عوام مہم کا بھی جائزہ لیا گیا اور کارکنان و ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ مہم مزید تیز کی جائے ، اجلاس میں مطالبہ کیا گیا وزیر اعظم شہباز شریف ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور 2017کی مردم شماری میں کراچی کے ساتھ کی جانے والی زیادتی و نا انصافی کا ازالہ کریں اورہنگامی طور پر نئی مردم شماری کراکے کراچی کی آبادی کو درست شمار کیا جائے ، نئی حلقہ بندیاں کراکے بلدیاتی انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں ۔ جماعت اسلامی اور سندھ حکومت و پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے مطابق قائم کردہ صوبائی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس فی الفور بلایا جائے اور بلدیاتی ایکٹ 2021میں معاہدے کے مطابق ترامیم کر کے کراچی میں با اختیار شہری حکومت کا نظام وضع کیا جائے ،کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے اور وفاقی و صوبائی ملازمتوں میں کراچی کے نوجوانوں کو ان کا حق دیا جائے ، اب جبکہ وفاق اور صوبہ ایک ساتھ ہیں حکومتی اتحاد میں پیپلز پارٹی ، نواز لیگ اور ایم کیو ایم شامل ہیں ، وفاقی و صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کراچی میں تعمیر و ترقی کا سفر شروع کیا جائے اور ساڑھے تین کروڑ عوام کے گھمبیر مسائل حل کیے جائیں تاکہ ان کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے عوام اعلانات نہیں اقدامات چاہتے ہیں ، گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں ان سے بہت سے وعدے کے گئے ، بڑے بڑے پیکیجز کے اعلانات کیے گئے لیکن صورتحال بدستور خراب ہے اور شہری ، بجلی ، پانی ، ٹرانسپورٹ ، سڑکوں کی خستہ حالی ، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سمیت دیگر مسائل کا شکار ہیں ، ماضی میں برسر اقتدار آنے والی ہر پارٹی کی حکومت نے کراچی کو نظر انداز کیا اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیئے ، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد کر رہی ہے اور اہل کراچی کی ایک موثر اور توانا آواز بن چکی ہے ،سندھ اسمبلی کے سامنے 29روز تاریخی  اور کامیاب دھرنے نے نہ صرف کراچی کی سیاست کو ایک نیا رخ اور موڑ دیا بلکہ اس سے عوام کا جماعت اسلامی کی طرف رجوع بڑھا اور کارکنوں کو بھی نیا حوصلہ اور عزم ملا ، اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی اور ہم اہل کراچی کو وفاق اور صوبے سے ان کا جائز اور قانونی حق دلا کر رہیں گے