پی ٹی آئی کے اسمبلی سے مستعفی ارکان خودمختار پاکستان کیلئے کھڑے ہیں، عمران خان

اسلام آباد(صباح نیوز)چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والے اپنے 123 ارکان کو سراہا ہے۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ  وہ استعفے دینے پر  تحریک انصاف کے 123  اراکین اسمبلی کو سراہنا چاہتے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ان کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کے لیے اور بیرونی مداخلت کے تحت بننے والی حکومت کے خلاف عزم کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے عدالت سے ضمانت پر رہا  ہونے والے مجرموں کو اقتدار تک پہنچایا جو کسی بھی آزاد  اور باعزت قوم کی بدترین توہین ہے۔ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے  پشاور جلسے میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ اداکیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جلسے کے شرکا نے ایک آزاد اور خود مختار پاکستان کے لیے جوش ولولے اور عزم کا اظہار کیا اور بیرونی مداخلت کے تحت بننے والی حکومت کو مسترد کردیا، جس سے ثابت ہوگیا کہ قوم کہاں کھڑی ہے۔