مینارِ پاکستان سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گے، عمران خان
سیاسی کمیٹی کا اجلاس میں میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کرنے کا فیصلہ
اسلا م آباد (ویب نیوز)
سابق وزیر اعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 21 اپریل کو مینارِ پاکستان سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی زیرِصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سماجی میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس کو 21 اپریل کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس اجلاس سے متعلق جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ذمہ داران کو قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کی تبدیلی قبول کی تو کوئی سربراہِ حکومت بیرونی دبا کا سامنا کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کے لیے یکجا اور متحرک ہے، 21 اپریل کو مینارِ پاکستان سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گے۔