مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں میں اتحاد ،نئے عہدیداروں کا انتخاب بھی جمہوری طریقے سے کرنے پراتفاق

تمام سیاسی رہنما اور کارکنان کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک ہی بینر تلے کام کریں گے،حریت کانفرنس کا اعلان

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ترجمان

کل جماعتی حریت کانفرنس کے اتحاد کو مزید مضبوط اور جموں اور لداخ سمیت تمام خطوں تک پھیلایا جائے گا

تمام خواتین تنظیموں کو اکٹھا کر کے الگ سے شعبہ خواتین تشکیل دیا گیا

ضرورت پڑی تو ضروری ترامیم کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کے آئین کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے لیے جلد ہی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار کی اتحاد پر مبارکباد

 قائد تحریک شہید سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں تمام دھڑوں اور فورمز کے درمیان اتحاد کی تلقین کی تھی

 

سرینگر  (ویب نیوز)

  مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اعلان کیا ہے کہ حریت کے مختلف دھڑوں کے درمیان اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے کہ تمام سیاسی رہنما اور کارکنان کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک ہی بینر تلے کام کریں گے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے اتحاد کو مزید مضبوط اور جموں اور لداخ سمیت تمام خطوں تک پھیلایا جائے گاتمام خواتین تنظیموں کو اکٹھا کر کے الگ سے شعبہ خواتین تشکیل دیا گیا ہے، ضرورت پڑی تو ضروری ترامیم کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کے آئین کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے لیے جلد ہی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی،اس بات کا اعلان اتوار کو کل کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کی جانب سے  سرینگر میں جاری ایک تفصیلی  بیان میں کیا گیا،ترجمان نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ اورریاستی حیثیت کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر اس کو ضم کردیا جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا بے دریغ استعمال کیاگیا۔ ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے منظم قتل و غارت کے علاوہ اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غیر ریاستی باشندوں کو علاقے میں آباد کرکے اس مسلم اکثریتی علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے مختلف دھڑوں کی تمامم تنظیموں اور رہنمائوں نے حق خودارادیت کے لیے جاری تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اتحاد قائم کرنے کافیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام کا مطالبہ اور خواہش تھی بلکہ قائد تحریک شہید سید علی گیلانی نے بھی اپنی زندگی میں تمام دھڑوں اور فورمز کے درمیان اتحاد کی تلقین کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف تحریک کو تقویت ملے گی بلکہ یہ ہمارے شہید قائدین کو خراج عقیدت بھی ہو گا جو اس کی خواہش رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجویز پر اتفاق کیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے عہدیداروں کا انتخاب جمہوری طریقے سے کیا جائے گا اور تقسیم سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی تاکہ ہم قابض بھارت کی سازشوں کا شکارنہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019کو اور اس کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کل جماعتی حریت کانفرنس کے اتحاد کا تقاضاکرتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ حریت کے دونوں دھڑوں نے دیگر تمام تنظیموں کے ساتھ اتحاد کو ممکن بنایا اورکل جماعتی حریت کانفرنس کے اتحاد کو مزید مضبوط اور جموں اور لداخ سمیت تمام خطوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام خواتین تنظیموں کو اکٹھا کر کے الگ سے شعبہ خواتین تشکیل دیا گیا ہے۔ تمام جماعتوں اورتنظیموں کے ہر ضلع میں اپنے اپنے یوتھ ونگ ہوں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو ضروری ترامیم کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کے آئین کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے لیے جلد ہی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار نے سب کو مبارکباد دی ہے اور تمام لوگوںپر زور دیا ہے کہ وہ حریت پسند عوام کے ساتھ مل کر اپنے اپنے علاقوں میں اپنے سیٹ اپ کو مضبوط کریں۔، ترجمان نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے گرفتار نوجوانوں اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی/جنگی جرائم کا شکار افراد کی مدد پر بھی زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ مختلف کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی اتفاق کیا گیا اور قیادت نے عوام سے ثابت قدم اور متحد رہنے کی اپیل کی۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 16اپریل 2022کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کی تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر اتحاد کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے تمام رہنمائوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم خاص طور پر نوجوان پر ظلم اور کشمیر دشمن سازشوں کے خلاف متحد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حریت قیادت پر بھروسہ کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بھرپور حمایت کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں،واضح رہے کہ حریت کانفرنس کے دو گروپ گیلانی اور میر واعظ گروپ موجود تھے ۔