بجلی بحران مزید شدت اختیار کر گیا، شارٹ فال7969میگاواٹ تک پہنچ گیا ،10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ
بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ ، مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 میگاواٹ کی سطح پر برقرار ہے، پاور ڈویژن
بجلی گھروں کو ایل این جی اور فرنس آئل کی مطلوبہ فراہمی تاحال نہ ہوسکی ، پاور پلانٹس کو آئندہ چند روز میں ایندھن کی مطلوبہ فراہمی شروع کر دی جائے گی
اسلام آباد( ویب نیوز)
ملک میں بجلی بحران مزید شدت اختیار کر گیا، بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار969 میگاواٹ تک پہنچ گیا، بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 میگاواٹ کی سطح پر برقرار ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے، بجلی گھروں کو ایل این جی اور فرنس آئل کی مطلوبہ فراہمی تاحال نہ ہوسکی لیکن پاور پلانٹس کو آئندہ چند روز میں ایندھن کی مطلوبہ فراہمی شروع کر دی جائے گی۔بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار16 میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 3 ہزار674 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس صرف 786 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔اسکے علاوہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 9 ہزار526 میگاواٹ ہے، ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس 487 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ، سولر پاور پلانٹس سے 104 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی جبکہ بگاس سے 141 اور ایٹمی بجلی گھر 3 ہزار312 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ۔ ملک بھر میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ ہائی لاسز والے علاقوں میں 18 گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔