وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی جانب سے پیپلزپارٹی کومکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی

پنجاب کی سپیکر شپ کیلئے ہمارا کوئی مطالبہ نہیں، معاملات بلاول بھٹو اور نوازشریف کی لندن ملاقات میں طے پاچکے ،یوسف رضا گیلانی

  حمزہ شہباز سے پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات، وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور گلدستہ پیش کیا

لاہور (ویب نیوز)

پاکستان پیپلزپارٹی نے گورنر سمیت آئینی عہدے نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں 3وزارتیں مانگ لیں۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں سپیکر قومی اسمبلی، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضاگیلانی، قمرزمان کائرہ، علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ شامل تھے۔پیپلزپارٹی کے وفد کی جانب سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر حمزہ شہباز کو مبارکباد اور گلدستہ پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں پارٹی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا ۔ملاقات میں پیپلزپارٹی اورن لیگ کے درمیان پاور شیئرنگ کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہیں، پیپلزپارٹی پنجاب کے آئینی عہدوں سے دستبردار ہو گئی ۔ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں 2سے زائد معاون خصوصی، قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ سمیت 2 پارلیمانی سیکریٹریز کے عہدے بھی مانگ لئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی جانب سے پیپلزپارٹی کومکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔پی پی وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اتحادی ہمارے دوست اور بھائیوں کی مانند ہیں، عہدے عارضی ہوتے ہیں، انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہئے، آئینی اورجمہوری اقدار کو مفاہمت کیساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں شامل یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مبارکباد دینے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان وکٹیں لیکر بھاگ گئے، کوشش کریں گے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو آن بورڈ لیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ میں یقین دہانی کرائی تھی کہ انتخابی اصلاحات کے فوری بعد الیکشن کرائیں گے، پنجاب کی سپیکر شپ کے لیے ہمارا کوئی مطالبہ نہیں، تمام تر معاملات بلاول بھٹو اور نوازشریف کی لندن ملاقات میں طے پاچکے ہیں۔