یوکرین میں روسی فوج کشی کا ذمہ دار امریکا ہے:ایمن الظواہری
امریکااس وقت کمزوری اور زوال کی حالت میں ہے، مسلم برادری ذمہ داری کا احساس کر تے ہوئے اتحاد قائم کریں،القاعدہ کے ر ہنماء کا ویڈیو بیان
دبئی ( ویب نیوز)
القاعدہ کے ر ہنماء ڈاکٹرایمن الظواہری نے کہا ہے کہ امریکا کی کمزوری کی وجہ سے اس کا یورپی اتحادی یوکرین روسی فوج کے حملے کا شکارہوا ہے۔العربیہ ارود اور جرمن ٹی وی رپورٹوں کے مطابق انھوں نے یہ بات ہفتے کے روزاپنے پیش رواسامہ بن لادن کی ہلاکت کی گیارھویں برسی کے موقع پرپہلے سے ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں کہی ہے۔عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پرنظررکھنے والے سائٹ انٹیلی جنس گروپ کے مطابق 27 منٹ کی تقریرپرمبنی یہ ویڈیوجمعہ کو جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں القاعدہ کے ر ہنماء کتابوں اوربندوق کے ساتھ ایک ڈیسک پر بیٹھے نظرآرہے ہیں۔ویڈیو میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یوکرین میں روسی فوج کشی کی ذمہ داری امریکی کمزوریوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی سے کہا کہ وہ ذمہ داری کا احساس کریں ،الظواہری نے مسلم اتحاد پرزور دیتے ہوئے11 ستمبر2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعدعراق اورافغانستان میں شروع ہونے والی جنگوں کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکااس وقت کمزوری اور زوال کی حالت میں ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا نے عراق اورافغانستان میں شکست کے بعد، گیارہ ستمبر کے حملوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی آفات اورکروناوبا کے بعد اپنے اتحادی یوکرین کو روسیوں کے رحم وکرم پر چھوڑدیاہے۔القاعدہ کے رہنما ء کہاں مقیم ہیں، اس کی کوئی معلومات دستیاب نہیں ہے ۔واضح رہے کہ اسامہ بن لادن مئی 2011 میں امریکی فورسز کے پاکستان کے شہرایبٹ آباد میں ایک کمپاونڈ پر چھاپامارحملے میں مارے گئے تھے۔انھیں امریکا پرگیارہ ستمبر کے حملوں کا ماسٹرمائنڈ اورمالی معاون خیال کیا جاتاتھا۔ان کے بعد ڈاکٹرایمن الظواہری کوالقاعدہ کا سربراہ بنایا گیا تھا۔وہ تب سے روپوش ہیں اوران کے ٹھکانے کا کوئی اتا پتا نہیں ہے۔وہ امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف بی آئی) کو مطلوب ہیں۔ امریکا نے ان کی گرفتاری میں معاون معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے ڈھائی کروڑڈالرکا انعام مقررکررکھاہے