خام تیل لے کر پہلا روسی مال بردار جہاز کراچی  پہنچ گیا

جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہوا ہے

 شہبازشریف کا  اہم پیش رفت اظہار اطمینان. پاک  روس  تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے

کراچی(ویب  نیوز)

پینتالیس ہزار میٹرک ٹن رعایتی خام تیل لے کر پہلا روسی مال بردار جہاز اتوار کی شام کراچی کی بندرگاہ پہنچا۔پاکستان ریفائنری اس خام تیل کو وصول کرے گی پچاس ہزار میٹرک ٹن سے زائد کی ایک اور کھیپ آئندہ ہفتے کراچی آئے گی۔ خال تیل لے کر روسی جہاز پیور پوائنٹ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہوا ہے۔دلچسپ امر ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے سے قبل جہاز شہر قائد کی بندرگاہ پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا۔روس سے درآمد ہونے والا خام تیل پاکستان میں توانائی کی طلب پوری کرنے کے ساتھ خام تیل کی درآمد سے زرمبادلہ پر پڑنے والے دبا کو بھی کم کرنے میں مدد دے گا۔، روسی خام تیل آزمائشی بنیادوں پر پاکستان ریفائنری میں ریفائن کیا جائے گا۔ روس سے خام تیل کی موخر ادائیگی کی سہولت کے ساتھ پرکشش ڈسکانٹ پر خریدا جارہا ہے جس سے پاکستان کو  توانائی کے بحران سے نکالنے کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔پاکستان کی دو بڑی ریفائنریز پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے اپنی ضرورت کا ایک تہائی سے 50 فیصد گنجائش روسی خام تیل سے پوری کرنے میں دلچسپی ظاہرکی تھی جبکہ پارکو کی  جانب سے ایک تہائی یا 33 فیصد روسی لائٹ خام تیل کی دیگر خطوں سے درآمد خام تیل میں بلینڈ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

 شہبازشریف کا  اہم پیش رفت اظہار اطمینان.

روس سے تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی  وزیراعظم شہبازشریف نے اہم پیش رفت پر کہا ہے کہ  روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے. اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے کہا ہے کہ آج میں نے اپنی قوم سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے. مجھے یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ روس سے رعایتی قمیت پر خریدی گئی پہلی خام تیل کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے اور اسے پیر کو (آج) بحری جہاز سے اتارنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا. آج کا دن تاریخ میں ایک تاریخی تبدیلی کے دن کے طور پر یاد کیا جائے گا. ہم نے خوشحالی، معاشی ترقی، توانائی سلامتی اور کم لاگت ایندھن کی فراہمی کی طرف آج پہلا اور انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے. روس سے پاکستان آنے والی تاریخ میں خام تیل کی یہ پہلی کھیپ ہے اور یہ روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے. اس موقع پر میں ان تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جو اس قومی اقدام کی تکمیل میں شریک رہے اور روس سے خام تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کیا.

#/S