صوبائی وزیر سعید غنی بھی کارگو ٹرمینل پہنچ گئے ، عمرشریف کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا

کراچی (ویب ڈیسک)

کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت کراچی پہنچ گئی ۔ جسد خاکی ترکش ایئرلائن کی پروازٹی کے 708سے لایا گیا ۔ کراچی پہنچنے کے بعد مرحوم کا جسد خاکی ضابطے کی کارروائی کے لیے انٹر نیشنل کارگو ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔ عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی۔ سی اے اے اور گرائونڈ ہینڈلنگ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جسد خاکی ورثا کے حوالے کردیا گیا۔عمر شریف کا جسد خاکی کراچی پہنچنے کے بعد کارگو ٹرمینل پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ جسد خاکی وصول کرتے وقت بیٹے جواد عمر اور دیگر احباب جذباتی ہوگئے۔عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل اور جرمنی سے قونصل جنرل امجد علی جسد خاکی کے ہمراہ کراچی پہنچے ۔ کارگو ٹرمینل پر سی اے اے کسٹمز اور ایئر لائن افسران بھی موجود رہے۔عمر شریف کے جسد خاکی کی فوری کلیئرنس کے لئے تمام اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ جب کہ ترکش ایئرلائن کی پرواز TK708 نے اپنے مقررہ وقت سے دس منٹ پہلے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ پرواز کا کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کا مقررہ وقت صبح  5.45 تھا جبکہ پرواز  نے صبح  5.35پر کراچی جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔صوبائی وزیر سعید غنی بھی کارگو ٹرمینل پہنچ گئے اور انہوں نے عمرشریف کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا۔