وزیرخارجہ کی بر طانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ واجد خان سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے، کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات ہیں۔ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی ،تجارتی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ مجھے اپنے حالیہ دورہ  برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس سے ملاقات کا موقع ملا۔ میں نے برطانوی ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ دورہ  برطانیہ کے دوران میری برطانوی پارلیمنٹ کی فارن ریلیشنز اور ڈیفنس کمیٹیوں کے سربراہان کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں۔ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستانی نژاد برطانوی پارلیمنٹیرینز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کااظہار بر شاہ محمود قریشی نے بر طانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ واجد خان سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کے دوران کیا۔وران ملاقات پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لارڈ واجد خان، نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ  برطانیہ اور برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس سمیت برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں کو سراہا ۔لارڈ واجد خان نے پاکستان کو ہوائی سفر کے حوالے سے برطانوی ریڈ لسٹ سے نکلوانے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کوششوں کی تعریف کی۔