بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 568 میگا واٹ جبکہ طلب 26 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ، ذرائع پاورڈویژن
لاہو ر (ویب نیوز)
ملک میں توانائی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے اور شارٹ فال ایک بار پھر 4ہزار 432میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں 8 سے 12 گھنٹے کے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، ذرائع پاورڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4ہزار432میگاواٹ پر پہنچ چکا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 568 میگا واٹ جبکہ طلب 26 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے برعکس بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36ہزار 39میگاواٹ ہے۔ذرائع پاورڈویژن نے بتایا کہ پن بجلی ذرائع سے 5 ہزار 302 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 963میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 12ہزار 554میگاواٹ ہے، ونڈ لاور پلانٹس 305میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، بیگاس پاور پلانٹس 164 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2ہزار 279میگاواٹ ہے، جبکہ سولر پاور پلانٹس سے بجلی پیداوار زیرو ہے۔ذرائع پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، ہائی لاسز والے علاقوں میں 18 گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔