جماعت اسلامی چولستانیوں کی آواز ایوانوں میں پہنچائے گی۔صحرا کے باسیوں کو حقوق کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ سراج الحق
ملک کے حکمران اپنے جانوروں کو ووٹرز اور سپورٹر پر ترجیح دیتے ہیں
چولستان میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس اور مویشی پیاسے مر رہے ہیں، مگر یہاں سے منتخب جاگیرداروں اور وڈیروں کو کوئی پرواہ نہیں
کسی حکمران نے اب تک چولستان کے حالات جاننے کے لیے یہاں کا دورہ کرنے کی زحمت نہیں کی
چولستان کے لوگ اپنے ہی علاقے سے ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے، اگر کہیں پانی موجود ہے تو جانور اور انسان ایک ہی جگہ سے پیتے ہیں
امیر جماعت کی چولستان کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
الخدمت فائونڈیشن کی علاقے میں جاری امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا
ٹوبہ ناگڑہ میں ہنگامی امدادی کیمپ اور ٹوبہ چیلاں والا میں واٹر پلانٹ کا افتتاح کیا
بہاولپور( ویب نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کے حکمران اپنے جانوروں کو ووٹرز اور سپورٹر پر ترجیح دیتے ہیں۔چولستان میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس اور مویشی پیاسے مر رہے ہیں، مگر یہاں سے منتخب جاگیرداروں اور وڈیروں کو کوئی پرواہ نہیں۔ کسی حکمران نے اب تک چولستان کے حالات جاننے کے لیے یہاں کا دورہ کرنے کی زحمت نہیں کی، لگتا ہے سب کرسی بچانے میں مصروف ہیں۔ ایوانوں میں بے حس لوگ بیٹھے ہیں جنھوں نے ملکی وسائل کو بھی نچوڑا اور عوام کا خون بھی چوسا۔ ظالموں نے 66لاکھ ایکڑ پر محیط اور پونے تین لاکھ آبادی کو تمام بنیادی سہولتوں سے محروم کر رکھا ہے۔ چولستان کے لوگ اپنے ہی علاقے سے ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے، اگر کہیں پانی موجود ہے تو جانور اور انسان ایک ہی جگہ سے پیتے ہیں۔ جماعت اسلامی چولستانیوں کی آواز ایوانوں میں پہنچائے گی۔صحرا کے باسیوں کو حقوق کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چولستان کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کی علاقے میں جاری امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور ٹوبہ ناگڑہ میں ہنگامی امدادی کیمپ اور ٹوبہ چیلاں والا میں واٹر پلانٹ کا افتتاح کیا۔ انھوں نے موبائل ہیلتھ یونٹ کے دورے کے موقع پر مقامی لوگوں سے خطاب بھی کیا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع بہاولپور سید ذیشان اختر، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل عرفان انجم، صدر جے آئی کسان جنوبی پنجاب خواجہ صغیر اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ظالمانہ نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد ہے۔ ہمارا جینا اور مرنا عوام کے لیے ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس ملک میں اسلامی شریعت نافذ ہو اور قوم کو سود سے نجات ملے۔ جماعت اسلامی وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے نفاذ کا مطالبہ کرتی ہے۔ ہم نے حکمرانوں پر واضح کر دیا ہے کہ بجٹ میں سودی معیشت کا عمل دخل منظور نہیں۔ انھوںنے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل کے حل کے لیے گلی گلی کوچے کوچے احتجاج کرے گی اور اس سلسلے میں گرفتاریاں دینے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مسئلہ صرف حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ ملک کے نوجوان باصلاحیت ، مگر ان میں جان بوجھ کر محرومیاں بانٹی گئی ہیں۔ حکمران چاہتے ہیں کہ وہ دودھ بھی خود پئیں، مکھن بھی کھائیں اور عوام کو لسی تک نہ دیں، انھیں صرف اپنی اولادوں کی فکر ہے۔ جو لوگ انھیں ووٹ ڈالتے ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اس لیے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ سانپوں کو مزید دودھ پلا کر اژدھے نہ بنائے۔ ملک میں الیکشن ریفارمز کے بعد انتخابات ہونے چاہییں۔ قوم ووٹ کے ذریعے جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو گھر بھیجے۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ چولستان میں میٹھے پانی اور زراعت کا نظام ممکن ہے، لیکن ایسا اس لیے نہیں کیا جا رہا کیوںکہ یہاں وی آئی پیز نہیں رہتے۔ چولستان کے نمائندے اور بیوروکریسی جان لے کر اگر انھوں نے علاقے کی عوام کا خیال نہ رکھا تو قیامت کے روز چولستانیوں کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبان میں ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھی ماضی کی پالیسیاں ہی جاری ہیں۔ سودی قرضہ کے لیے آئی ایم ایف کی منت سماجت ہو رہی ہے، بڑی سیاسی جماعتیں آپسی مفادات میں الجھی ہوئی عوام کے مسائل سے مکمل بے خبر ہے۔ عوام جان لے کہ آزمائی ہوئی پارٹیوں کو بار بار اقتدار میں لانے سے ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا جائے۔ اس موقع پر امیر جماعت کو بتایا گیا کہ الخدمت فائونڈیشن گزشتہ دو ہفتوں سے چولستان میں موجود ہے۔ الخدمت نے ٹوبہ ناگڑہ، خانپور اور فورٹ عباس میں بیس کیمپ قائم کیے ہیں تاکہ عوام تک بروقت رسائی کر کے ان کے مسائل حل ہو سکیں۔ امیر جماعت کو بتایا گیا کہ الخدمت فائونڈیشن سو جگہوں پر زیرزمین میٹھا پانی تلاش کر کے سولر فلٹریشن پلانٹ نصب کرے گی۔ علاقے میں سکول، دستکاری سنٹرز، مساجد اور ڈسپنسریز بھی تعمیر کی جائیں گی۔